چور نے چوری کے 3 کروڑ روپے سے گرل فرینڈ کیلئے عالیشان گھر بنادیا، مشہور اداکارہ سے بھی تعلقات کا انکشاف

چور نے چوری کے 3 کروڑ روپے سے گرل فرینڈ کیلئے عالیشان گھر بنادیا، مشہور ...
چور نے چوری کے 3 کروڑ روپے سے گرل فرینڈ کیلئے عالیشان گھر بنادیا، مشہور اداکارہ سے بھی تعلقات کا انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلور پولیس نے ایک ایسے چور کو گرفتار کیا ہے جس نے چوری کی رقم سے اپنی گرل فرینڈ کے لیے تین کروڑ روپے کا عالیشان گھر بنایا تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت 37 سالہ پنچاکشری سوامی کے طور پر ہوئی ہے جو مہاراشٹر کے سولاپور سے تعلق رکھتا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے ایک مشہور فلمی اداکارہ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات تھے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ سوامی نے جرائم کی دنیا میں قدم 2003 میں اس وقت رکھا تھا جب وہ نابالغ تھا۔ 2009 تک وہ ایک پیشہ ور چور بن چکا تھا اور اپنی وارداتوں سے کروڑوں کی دولت اکٹھی کر چکا تھا۔ 2014-15 میں اس کا ایک مشہور اداکارہ سے تعلق قائم ہوا، جس پر اس نے کروڑوں روپے خرچ کیے۔ اس نے کولکتہ میں 3 کروڑ روپے کا ایک شاندار گھر بنایا اور اداکارہ کو 22 لاکھ روپے مالیت کا ایکویریم تحفے میں دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق 2016 میں گجرات پولیس نے اسے گرفتار کیا اور چھ سال قید کی سزا سنائی۔ احمد آباد کی سابرمتی جیل میں سزا کاٹنے کے بعد وہ دوبارہ چوری کی دنیا میں واپس آگیا۔ بعد میں مہاراشٹر پولیس نے بھی اسے گرفتار کیا مگر 2024 میں رہائی کے بعد وہ بنگلور منتقل ہو گیا، جہاں اس نے دوبارہ چوری کی وارداتیں شروع کر دیں۔
9 جنوری کو اس نے بنگلور کے مادیوالا  میں ایک گھر کو نشانہ بنایا۔ پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر اسے مادیوالا مارکیٹ کے قریب سے گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران اس نے اپنے جرائم کا اعتراف کر لیا اور بتایا کہ وہ بنگلور میں اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر چوریاں کر رہا تھا۔
پولیس نے اس کے قبضے سے ایک آئرن راڈ اور ایک فائر گن برآمد کی ہے، جسے وہ چوری شدہ سونے کو پگھلا کر بسکٹس میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال کرتا تھا۔ اس نے انکشاف کیا کہ وہ تمام چوری شدہ سونے اور چاندی کے بسکٹس اپنے سولاپور کے گھر میں ذخیرہ کرتا تھا۔ پولیس نے اس کے گھر سے 181 گرام سونے کے بسکٹس، 333 گرام چاندی کے زیورات اور چوری شدہ زیورات کو پگھلانے کے لیے استعمال ہونے والی فائر گن ضبط کر لی ہے۔
تفتیش کے دوران یہ بھی پتہ چلا کہ سوامی ہر واردات کے بعد راستے میں ہی اپنے کپڑے بدل لیتا تھا تاکہ کسی کو اس پر شک نہ ہو۔ وہ کراٹے میں بلیک بیلٹ ہولڈر بھی تھا۔ اس کے والد کے انتقال کے بعد اس کی والدہ کو ریلوے ڈیپارٹمنٹ میں نوکری ملی تھی۔ مزید تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس کے نام پر ایک گھر بھی تھا جو اس کی والدہ کے نام رجسٹرڈ تھا، مگر بینک نے قرضہ ادا نہ ہونے کی وجہ سے اس کے نیلامی کا نوٹس جاری کر دیا تھا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -