گھر کی صفائی کے دوران آدمی کو خفیہ تہہ خانہ مل گیا، اندر دیکھا تو ایسے مناظر کہ معاملہ عدالت تک پہنچ گیا

بیجنگ (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین میں ایک شخص نے اپنے گھر کی صفائی کے دوران ایک خفیہ تہہ خانہ دریافت کیا، جہاں اس کی سابقہ مالکن سات سال سے خفیہ طور پر رہ رہی تھی۔ یہ واقعہ مشرقی چین کے صوبہ جیانگ سو میں پیش آیا جہاں ایک شخص جس کا خاندانی نام لی ہے، نے 2018 میں 20 لاکھ یوان میں ایک پرانا مکان خریدا تھا۔ مکان کی خریداری پر لی اور اس کے اہلِ خانہ بے حد خوش تھے کیونکہ یہ آسان سفری سہولتوں اور جدید تزئین و آرائش سے آراستہ تھا۔لیکن یہ خوشی زیادہ دیر برقرار نہ رہی۔ حال ہی میں جب لی گھر کی صفائی کر رہا تھا تو اسے سیڑھیوں کے پیچھے ایک خفیہ دروازہ نظر آیا۔ دروازہ کھولنے پر اسے ایک بڑا زیر زمین تہہ خانہ ملا جس کا اسے مکان خریدتے وقت کوئی علم نہیں تھا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ زیرِ زمین جگہ کافی کشادہ، ہوادار اور روشن تھی۔ تاہم، لی کو شدید خوف تب محسوس ہوا جب اسے احساس ہوا کہ یہاں کوئی شخص رہائش پذیر ہے۔ لی نے فوراً مکان کی پچھلی مالک ژانگ سے رابطہ کیا اور اس پر خفیہ معلومات چھپانے کا الزام لگایا۔ تاہم ژانگ نے جواب دیا کہ یہ تہہ خانہ فروخت کے معاہدے میں شامل نہیں تھا اور وہ اسے اپنی ذاتی تفریحی جگہ قرار دیتی رہی۔
لی نے قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا اور عدالت سے رجوع کر لیا۔ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے لی کے حق میں فیصلہ سنایا، ژانگ کو مالی معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا، اور تہہ خانے کی قانونی ملکیت لی کے نام کر دی۔ یہ اب بھی ایک معمہ ہے کہ ژانگ اس تہہ خانے میں کیسے آتی اور جاتی تھی؟ کیا وہاں کوئی خفیہ راستہ تھا؟ یا وہ گھر میں رہنے والوں کے بغیر کسی کو بتائے آتی جاتی تھی؟