ڈیرہ اسماعیل خان ، نیشنل بینک پر مسلح افراد کے ملے کی کوشش ناکام
ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)تھانہ پروآ کی حدود میں واقع نیشنل بینک پر مسلح افراد کے حملے کی کوشش کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا، فائرنگ سے بینک سیکورٹی گارڈ زخمی۔تفصیلات کے مطابق 20سے 25 مسلح ملزمان نے پروآ میں واقع نیشنل بینک کو لوٹنے کی نیت سے حملہ کیا، تاہم پولیس کے کوئیک رسپانس کی بدولت ملزمان اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکے،حملے کے نتیجے میں بینک کا سیکورٹی گارڈ محمد امین زخمی ہوگیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی جس کے باعث مسلح افراد فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ خود موقع کی جانب روانہ ہو گئے جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کر لی گئی۔ ڈی پی او ڈیرہ کے مطابق ملزمان بینک ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے، تاہم پولیس کی بروقت اور موثر کارروائی سے بڑا واقعہ ہونے سے بچ گیا۔پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
