ڈی ایم ایس ڈاکٹر عدنان محمد آیاز کا شہید میموریل ہسپتال تخت بھائی کا دورہ
تخت بھائی(تحصیل رپورٹر) ڈی ایم ایس ڈاکٹر عدنان محمد آیاز نے شہید میموریل ہسپتال تخت بھائی کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں جاری صحت کارڈ، ژونڈون (ژوندون) کارڈ اور میڈیکل سٹور کا باقاعدہ معائنہ کیا۔ دورے کے دوران مختلف اقسام کی ادویات، ان کی دستیابی، معیار، ایکسپائری تاریخ اور ریکارڈ کا بغور جائزہ لیا گیا جبکہ عملے کو ادویات کی بروقت فراہمی اور شفاف ریکارڈ برقرار رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایم ایس ڈاکٹر عدنان محمد آیاز نے کہا کہ تخت بھائی کے عوام کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں اور عوام کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا کیونکہ عوام کی صحت ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈاکٹر عدنان نے بتایا کہ ہسپتال میں صحت کارڈ کی سہولت پہلے سے کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس کے ذریعے علاقے کے ہزاروں غریب اور مستحق افراد مفت اور معیاری علاج کی سہولت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اس سہولت نے عام آدمی کے علاج معالجے کے بوجھ کو نمایاں طور پر کم کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی فلاح کے پیش نظر غریب اور نادار عوام کے لیے ژونڈون (ژوندون) کارڈ کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت مستحق افراد کو مفت طبی معائنہ، لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی شہری مالی مشکلات کی وجہ سے علاج سے محروم نہ رہے۔ڈی ایم ایس ڈاکٹر عدنان نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دیں اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محمد آیاز شہید میموریل ہسپتال تخت بھائی کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنے اور عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہسپتال کی بہتری کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں براہِ راست مجھ سے یا ایم ایس سے رابطہ کریں۔
