گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی کے زیراہتمام آگاہی واک

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کشمیر سوسائٹی کے زیراہتمام آگاہی واک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کشمیر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام کشمیر سیمینار اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار سے پروفیسر ڈاکٹر خواجہ زاہد عزیز، ایئر وائس مارشل (ر) انور محمود خان، چئیرپرسن شعبہ سیاسیات ڈاکٹر فوزیہ غنی اور انچارج انٹرنیشنل ریلیشنز ڈاکٹر احمد رضا خان نے خطاب کیا۔ مقررین نے مسئلہ کشمیر کی تاریخی، سیاسی اور عالمی اہمیت پر روشنی ڈالی،جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر فائزہ شریف، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر شہزاد احمد اور چیف لائبریرین محمد نعیم بھی موجود تھے۔ایئر وائس مارشل (ر) انور محمود خان نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا پہلا ایجنڈا کشمیر ہونا چاہیے، جبکہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانا بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اجاگر کریں۔پروفیسر ڈاکٹر خواجہ زاہد عزیز نے کہا کہ کشمیر ایک زندہ مسئلہ ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے طلبہ کو تحقیق اور شعور کے ذریعے اس مسئلے کو آگے بڑھانے کی تلقین کی۔

سیمینار کے دوران طلبہ نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی پر مبنی نظمیں بھی پیش کیں، جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔آخر میں کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ آگاہی واک کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔