تنظیمات اہلسنت کی مجلس شوریٰ نے ذمہ داریوں کا اعلان کر دیا

تنظیمات اہلسنت کی مجلس شوریٰ نے ذمہ داریوں کا اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نمائندہ خصوصی)تنظیمات اہلِ سنت پاکستان کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اہم اجلاس میں مرکزی کابینہ کی ایک سالہ مدت کا تعین کرتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کا اعلان کر دیا گیا۔مرکزی مجلسِ شوریٰ نے سال 2026/27 کے لیے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی کو مرکزی امیر،پیر آف بھرچونڈی شریف پیر میاں عبدالخالق القادری کو سرپرستِ اعلیٰ،پیر آف مانکی شریف پیرزادہ محمد امین قادری کو مرکزی کنونئیر، انجمنِ طلبہ اسلام کے سابق مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اکرم رضوی کو مرکزی ترجمان اور مرکزی جماعت اہلِ سنت کے سیکرٹری اطلاعات صاحبزادہ سید احسان گیلانی کو میڈیا کوآرڈینیٹر مقرر کرنے کی توثیق کر دی گئی ہے۔ اجلاس میں چاروں صوبوں سمیت ریاست آزاد جموں و کشمیر سے اراکینِ مرکزی مجلسِ شوریٰ نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تنظیمات اہلِ سنت پاکستان کے پلیٹ فارم سے اہلِ سنت کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا جبکہ فرقہ واریت، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ملک بھر میں منظم تحریک چلائی جائے گی۔

غزہ پیس بورڈ میں پاکستان کی شمولیت،قومی اسمبلی اور سینیٹ میں منظور کیے گئے تمام غیر شرعی بلوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لیے تمام سنی جماعتوں کا اتحاد ناگزیر ہے۔نومنتخب مرکزی امیر صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکثریتی مکتبہ فکر کو متحد اور منظم کر کے ایک مضبوط قوت بنایا جائے گا۔پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔کوئٹہ میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد فساد فی الارض کے مجرم ہیں اور اہلِ سنت دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اسلام قتلِ ناحق کی اجازت نہیں دیتا۔سرپرستِ اعلیٰ پیر میاں عبدالخالق القادری نے کہا کہ کوئٹہ میں بے گناہ انسانوں کو شہید کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔پاکستان اسلام اور انسانی حرمت کا علمبردار ہے۔ قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور حکومت دہشت گردوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔اہلِ حق متحد ہو کر اسلام اور پاکستان کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔مرکزی کنونئیر پیرزادہ محمد امین قادری نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتیں ملک میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں، اہلِ سنت ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ تنظیمات اہلِ سنت پاکستان ملک میں امن، بھائی چارے اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔استحکام وطن کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔قومی قائدین ملکی سلامتی کے نیشنل ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔ نظامِ مصطفیٰ? کا نفاذ ہی قوم کی آخری امید ہے۔حکومت کو بھارتی سازشوں کو عالمی فورم پر بے نقاب کرنا چاہیے۔وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کیچیئرمین ڈاکٹر مفتی محمد کریم خاں نے کہا کہ خطرات میں گھرے پاکستان کو اس وقت انتشار نہیں اتحاد کی ضرورت ہے۔ سیاستدان قوم کو تقسیم نہیں متحد کریں۔بھارت کی امن دشمنی کھل کر سامنے آ چکی ہے۔تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں امن کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں،نفرتوں کی سیاست دفن کرکے پاکستان کو مستحکم کیا جاسکتا ہے،ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کیلئے ہے،پاکستان کی اساس کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کی سالمیت ہمیں اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے،بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے داخلی استحکام ضروری ہے،استحکام پاکستان کیلئے لسانی، علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات کا خاتمہ ضروری ہے،اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و امان اور استحکامِ وطن کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور سانحہ? کوئٹہ کے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔۔۔۔