عمران خان نے علیمہ خان کو منع کر رکھا ہے کہ وہ جیل کے باہر بیان نہ دیں، تاہم علیمہ خان بار بار خلاف ورزی کرتی ہیں، ان کا ہر بیان متنازعہ ہوتا ہے,شیرافضل مروت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) رکن قومی اسمبلی شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علیمہ خان کو منع کر رکھا ہے کہ وہ جیل کے باہر بیان نہ دیں، تاہم علیمہ خان بار بار خلاف ورزی کرتی ہیں، ان کا ہر بیان متنازعہ ہوتا ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس جب پارلیمنٹ کے اندر ہوتے ہیں تو میں ان میں شریک ہوتا ہوں، پارٹی کے پارلیمنٹ کے باہر ہونے والے اجلاس میں شرکت نہیں کرتا، پارٹی نے 8 فروری کو صوبہ بند کی کال نہیں دی، صوبہ ایک بٹن سے بند نہیں ہوتا، پی ٹی آئی نے شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کی کال دی ہے۔
شیرافضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کے لیے بھی کچھ کام نہیں کیا، انہوں نے اس کے لیے تاجروں سے بات کی نہ ٹرانسپورٹ سے کوئی بات کی ہے، بیانات ایسی رعونت سے دیے جاتے ہیں جیسے پارٹی عہدیدار کوئی نوکر چاکر ہیں، اگلا حکم یہ صادر کریں گے کہ سانس لینا بند کرو۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں کا گناہ کیا ہے کہ صرف وہاں پر آپ صوبہ بند کریں، جس چیز سے پارٹی کو تقویت مل سکتی ہے وہ عمران خان کی رہائی کے لیے پارٹی کی احتجاجی تحریک ہے، احتجاجی تحریک پورے ملک کے عوام اور پارٹی کارکنوں کی جانب سے ہوتی ہے۔
انہوں نے علیمہ خان کا نام لیے بغیر کہا کہ عمران خان نے ان رہنماؤں کو منع کیا ہے کہ وہ جیل سے باہر کوئی بیان نہ دیں لیکن وہ بار بار بیان دیتی ہیں، ان کا ہر بیان متنازعہ ہوتا ہے، جیسے کہ شاہد خٹک اور جنید اکبر نے بیانات دیے ہیں، کوئی بھی پارٹی رکن نہیں چاہتا کہ کوئی باس بنے۔
