پانی کی آمد میں کمی سے تربیلا بجلی گھر کے 13 یونٹ بند ہو گئے، بجلی کی پیداوارمیں کمی

پانی کی آمد میں کمی سے تربیلا بجلی گھر کے 13 یونٹ بند ہو گئے، بجلی کی ...

ہری پور(اے پی پی) تربیلا بجلی گھر کے 13 یونٹ بند ہونے سے بجلی کی پیداوار بے حد کم ہو گئی، تربیلا بجلی گھر کی کل پیداوار 3478 میگا واٹ ہے۔ تربیلا جھیل کے آبی ذخائر میں خطرناک حد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے جس کے باعث تربیلا بجلی گھر کے 13 یونٹ بند ہوئے ہیں، تربیلا جھیل میں پانی کی آمد میں کمی کے باعث گنجائش 108 فٹ تک کم ہو گئی ہے، جھیل میں پانی کی سطح 1442.73 فٹ ہو گئی ہے۔ تربیلا ڈیم کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق تربیلا جھیل میں گذشتہ روز 14700 کیوسک فٹ پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی، پانی کی آمد میں کمی کی وجہ سے اخراج بھی کم کر دیا گیا ہے جبکہ تربیلا جھیل سے 500 کیوسک فٹ پانی سپل ویز کے ذریعہ غازی بھروتھا نہر میں چھوڑا جا رہا ہے، تربیلا بجلی گھر کا ایک یونٹ بجلی پیدا کر رہا ہے ۔

جس کے ذریعہ صرف 70 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ 13 پیداواری یونٹ بند پڑے ہیں۔ تربیلا جھیل میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1550 فٹ ہے۔ تربیلا جھیل میں پانی کی سطح تیزی سے کم ہونے کے باعث بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے جو آنے والے دنوں میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کا باعث بنے گی۔

مزید : کامرس