بلائنڈ ورلڈ کپ ، بھارت کا کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

بلائنڈ ورلڈ کپ ، بھارت کا کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد بھارت نے بھی پاکستان میں شیڈول ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ میں شرکت سے انکار کردیا۔بھارتی وزارت خارجہ نے انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان جانے کی کلیرئنس نہ دی جس کے بعد ورلڈ بلائنڈ کپ کے میچز پاکستان سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیئے گئے۔شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے ایونٹ کے افتتاحی روز قذافی اسٹیڈیم میں مدمقابل ہونا تھا تاہم بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اپنی ٹیم کو پاکستان آنے کی کلیئرنس دینے سے انکار کے بعد ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے، اب افتتاحی روز قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کا مقابلہ بھارت کے بجائے بنگلہ دیش سے ہو گا۔بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور نئے شیڈول کے مطابق پاکستان کی سر زمین پر اب 6 کے بجائے صرف تین میچز ہوں گے۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میچز یو اے ای منتقل کرنے کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت کی وزارت خارجہ نے اپنی ٹیم کے پاکستان میں شیڈول میچز کو بھی یو اے ای منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے ابتداء میں بھارتی مطالبہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کیا جس کا افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان قذافی اسٹیدیم لاہور میں رکھا گیا تھا۔اس کے علاوہ بھارت کے نیپال اور بنگلادیش کے ساتھ میچز بھی فیصل آباد میں شیڈول کردیئے تھے لیکن بھارتی ٹیم کسی بھی صورت پاکستان آنے کے لئے تیار نہ ہوئی تو ایونٹ شروع ہونے سے دو روز پہلے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھارت کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے شیڈول میچز یو اے ای منتقل کردیئے۔نئے شیڈول کے تحت ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیموں کے درمیان 8جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا ۔پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا میچ 12 جنوری کو عجمان میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان میں ہی شیڈول ہے اگر بھارت، انگلینڈ یا آسٹریلیا میں سے کوئی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تو فائنل شارجہ میں 19 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی