بھارت نے مسلم خواتین کو بغیر محرم کے حج کرنیکی اجازت دیدی
نئی دہلی (اے این این)بھارتی حکومت نے مسلم خواتین کو بغیر محرم کے حج کی سعادت حاصل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کا باقاعدہ اعلان وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں کیا۔اس سے پہلے بھارتی اصول وضوابط کے مطابق خواتین اپنے شوہر یا خاندان کے کسی محرم سر پرست کی زیرنگرانی میں ہی حج کے سفر پر جا سکتی تھیں، جسے اب بدل دیا گیا ہے۔اقلیتی امور کی وزارت نے اس سلسلے میں جو نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے اس کے مطابق45 برس یا اس سے زیادہ عمر کی خواتین کو 4 کے گروپ میں بغیر مرد سرپرست کے بھی حج پر جانے کی اجازت ہوگی۔اس نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ خواتین کا تعلق جس مکتبہ فکر سے ہو اس میں اس کی اجازت ہونی چاہیے تاہم 45 برس سے کم عمر کی خواتین کو اس کی اجازت نہیں ہوگی۔حج کمیٹی آف انڈیا نے بھی اس کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ اعلان پر عمل اسی برس سے شروع کیا جائے گا۔