چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن کی بھارتی قید سے رہاہونے والے بچے کے ساتھ ملاقات

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن کی بھارتی قید سے رہاہونے والے بچے کے ساتھ ملاقات

لاہور (پ ر)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے بھارتی جیل میں قید سے رہا ہونے والے بچے حسنین اور اس کے والدین سے ملاقات کی۔ چائلڈ پروٹیکشن بیور وکی جانب سے اس بچے کے حوالے سے رہائی کیلئے اقدامات کا مکمل فالو اپ کیا گیا۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ سے مکمل رابطہ رکھا گیا ۔چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے کہا کہ حسنین بولنے اور سننے کی صلاحیت سے محروم ہے اور یہ بچہ غلطی سے سرحد پار چلاگیا تھا۔ انڈیا جیل سے رہائی ملنے کے بعد اس بچے سے ملاقات کی جارہی ہے۔ اس بچے کو پاکستانی نوٹ پر قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر پہچاننے پر پاکستانی ہونے کی تصدیق کی گئی۔ صبا صادق نے کہا کہ اگر انڈیا کی جیلوں میں مزید کوئی پاکستانی بچے قید ہوئے تو ان بچوں کی رہائی کیلئے انصار برنی ٹرسٹ اور دیگر حکومتی اداروں کیساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حسنین سمیت اس کے دوسرے بہن بھائیوں کی کفالت اور تعلیم وتربیت کی ذمہ داری بھی چائلڈ پروٹیکشن بیورو کرے گی۔ حسنین کے والدین نے کہا کہ انھیں معلوم نہیں کہ حسنین کیسے انڈیا پہنچا لیکن وہ بہت خوش ہیں اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ان کا بچہ پاکستان واپس آ گیا۔

صبا صادق

مزید : میٹروپولیٹن 1