دانش سکول منصوبہ میں بے ضابطگیاں ، چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی برہم

دانش سکول منصوبہ میں بے ضابطگیاں ، چیئر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی برہم

لاہور (نمائندہ خصوصی ) پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس، دوسرے روز بھی دانش سکول کے آڈٹ پیرے زیر بحث، سکول کے تعمیراتی کاموں کے اربوں روپے قواعد وضوابط سے ہٹ کر خرچ کرنے ، ٹیرف سے ہٹ کر زائد ادائیگیاں کرنے کا انکشاف، من پسند اور چہیتے ٹھیکداروں سے انکم ٹیکس بھی وصول نہ کیا گیا،چیئرمین کمیٹی برہم تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کا اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سبطین خان، وحید اصغر ڈوگر، آصف باجوہ، عدنان فرید، میاں رفیق، ڈاکٹر نازیہ عزیز، ملک جاوید اعوان جبکہ محکمہ سے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، چیرمین اور جی ایم دانش سکولز نے شرکت کی، چیئرمین کمیٹی میاں محمودالرشید نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ من پسند افراد کو نواز کر خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں، ملکی ترقی کی راہ میں کرپشن اور کمیشن سب سے بڑی رکاوٹ ہے، سرکاری محکمے اور افسران قائداعظم کے فرمودات کیوں بھول بیٹھے ہیں، آخر ہم سب کرپشن اور لوٹ مار والا ملک دیکر جانا چاہتے ہیں؟ چند گندی مچھلیوں نے ماحول کو آلودہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے ادائیگیوں میں بے ضابطگیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ٹھکیداروں سے انکم ٹیکس کی وصولیوں کا حکم دیتے ہوئے آئندہ اجلاس میں رپورٹ طلب کرلی۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی

مزید : میٹروپولیٹن 1