سعودی کابینہ نے ملکی دفاع کی آئندہ حکمت عملی اور ایڈ ز سے بچاؤ کے نظام کی منظوری دیدی

سعودی کابینہ نے ملکی دفاع کی آئندہ حکمت عملی اور ایڈ ز سے بچاؤ کے نظام کی ...

ریاض(بیورور پورٹ)سعودی کابینہ نے ملکی دفاع کی آئندہ حکمت عملی اور ایڈز سے بچا ؤکے نظام کی منظوری دیدی ہے۔ سعودی کابینہ نے اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے قومی دفاع کی حکمت عملی، آبپاشی کے نظام، ایڈز سے بچا ؤکے نظام اور متاثرین کے حقوق و فرائض کی منظوری دی۔ صدارت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ انہوں نے آغاز میں امیرکویت کے زبانی پیغام ، شاہ مراکش کے مکتوب ، فلسطینی صدر کے ساتھ مذاکرات، کویتی وزیراعظم کے نائب اول و وزیر دفاع کی ملاقات اور ترک وزیراعظم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے کابینہ کو آگاہ کیا۔ شاہ سلمان نے امریکہ ، روس، برطانیہ اور فرانس کے سربراہوں کے ساتھ ہونے والے ٹیلیفونک رابطوں کے دوران ہونے والی بات چیت سے بھی مطلع کیا۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اجلاس کے بعد بتایا کہ سعودی کابینہ نے عرب ، علاقائی اور عالمی حالات حاضرہ کا جائزہ لے کر کابل ، سینٹ پیٹرز برگ اور حلوان میں دہشت گردی کے واقعات اور دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ جاں بحق ہونے والوں کے اعزہ اور برادر و دوست ممالک کی حکومتوں اور عوام سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں انہیں دہشت گردی کے مجرمانہ تصرفات کے خلاف ساتھ دینے کا یقین بھی دلایا۔ کابینہ نے جاپان کے ساتھ صحت نگہداشت کے سلسلے میں تعاون کی یادداشت کی منظوری دی۔ فلپائن کی وزارت صحت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر صحت کو تفویض کیا۔

سعودی کابینہ

مزید : علاقائی