عراق کے ساتھ فضائی رابطوں کی بحالی پاکستان کی ترجیح ہے : ممنون حسین
اسلام آباد (آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان عراق اور ہالینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے ساتھ تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کا خواہش مند ہے ۔صدر مملکت نے یہ بات عراق کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر علی الرحمن اور ہالینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر شجاعت علی راٹھور سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان آج ایوان صدر میں ان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ عراق کے ساتھ فضائی رابطوں کی بحالی پاکستان کی ترجیح میں شامل ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہو گا ۔ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے اور انھیں ایک دوسرے کو مزید سمجھنے کا موقع ملے گا ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ تجارت ، تعلیم اور ثقافت سمیت بہت سے دیگر شعبوں میں تعاون کا متمنی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں عراق اور بغداد کی اہمیت غیر معمولی ہے کیونکہ مدینہ منورہ کے بعد بغداد پہلا شہر تھا جہاں مسلمان تعلیم کے لیے رخ کیا کرتے تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطے میں انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے انتہائی محنت سے کام کر رہا ہے جس میں اسے تاریخی کامیابیاں ہوئی ہیں ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور عراق تاریخ اور عقیدے کے انتہائی گہرے رشتوں میں منسلک ہیں جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں گہرائی پیدا کرتے ہیں ۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات میں مزید وسعت دینے کے لیے تجارتی وفود کے تبادلے میں اضافے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے سی پیک میں عراق کی دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔عراقی سفیر نے کہا کہ عراق سی پیک میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور توانائی سے متعلق کئی منصوبوں میں کام کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے نیدرلینڈ کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر شجاعت علی راٹھور سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ کے ساتھ پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط بہت پرانے ہیں جو دونوں ملکوں کے رشتوں میں گہرائی پیدا کرتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہالینڈ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرکے ان تعلقات میں مزید وسعت پیدا کی جاسکتی ہے ۔