ٹیکس وصولی کی سمری فائلوں میں دفن،سینما مالکان کروڑوں روپے ہڑپ کرگئے

ٹیکس وصولی کی سمری فائلوں میں دفن،سینما مالکان کروڑوں روپے ہڑپ کرگئے

لاہور(جنرل رپورٹر،نمائندہ پاکستان)سینما مالکان آمدن ٹیکس کے کروڑوں روپے ہڑپ کر گئے ۔محکمہ ایکسائز نے سینما پر 20 فیصد آمدن ٹیکس عائد کیا تھا اور منظوری کیلئے سمری حکومت پنجاب کو بجھوائی تھی جس پر چار سال گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہو سکا۔بتایا گیا ہے کہ ٹیکس عائد نہ ہونے سے سینما مالکان کروڑوں روپے سالانہ کے حساب سے ٹیکس چوری کر رہے ہیں اور فائلوں کا پیٹ بھرنے کیلئے ہر سال محکمہ ایکسائز کے افسروں کی ملی بھگت سے الگ الگ ٹیکس معافی کروانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کے سابق سیکریٹری نے سینماؤں کی یومیہ آمدن پر ہر ٹکٹ پر بیس فیصد آمدن ٹیکس عائد کیا اور اس کی باقاعدہ منظوری دی ۔بعد ازاں حکومت پنجاب نے اس کی باقاعدہ طور پر منظوری کیلئے سمری طلب کی مگر سمری وزیر اعلیٰ کو بھیجنے کی بجائے فائلوں میں دفن کر دی اور آج بھی یہ فائل حکومت پنجاب نے سرد خانے ڈال رکھی ہے اس پر محکمہ ایکسائز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گیند حکومت پنجاب کے کورٹ میں ہے سینما مالکان معافی کی درخواست دیکر ہر سال بچ جاتے ہیں منظوری ہوتے ہی وصولی شروع کر دی جائے گی۔

سینما ٹیکس

مزید : علاقائی