نائیجیریا، مسجد پر خودکش حملے میں14افراد جاں بحق

نائیجیریا، مسجد پر خودکش حملے میں14افراد جاں بحق

ابوجا(صباح نیوز)نائیجیریا میں مسجد پر خودکش حملے میں کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں دھماکے سے مسجد کو بری طرح نقصان پہنچا مسجد میں موجود موذن کے علاوہ کوئی بھی شخص نہیں بچ سکا ، جبکہ حکام کی طرف سے ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، ایک غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بدھ کے روز کیمرون کی سرحد سے متصل نائیجریا کے قصبے گمبورو کی مسجد میں عین اس وقت خودکش حملہ ہوا جب لوگ نماز فجر کی تیاری کررہے تھے ، ملبے سے اب تک 14 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور مزید کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ دھماکے سے کچھ دیر پہلے چار مشتبہ افراد کو دیکھا گیا تھا، علاقے کی نگرانی پر مامور افراد نے انہیں روکنے کی کوشش کی تو وہ بھاگ نکلے، پیچھا کرنے پر ایک پکڑا گیا، 2اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے جبکہ ایک کو تلاش نہیں کیا جاسکا، خدشہ ہے کہ اسی نے مسجد پر خودکش حملہ کیا ہے، دوسری طرف حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی تاہم مقامی لوگوں اور حکام کا کہنا ہے وا قعے میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام ہی ملوث ہے۔

نائیجیریا مسجد حملہ

مزید : علاقائی