حکمرانوں نے امریکی غلامی کو ترک نہ کیا تو عوام ان کو مزید برداشت نہیں کریں گے ،سراج الحق

حکمرانوں نے امریکی غلامی کو ترک نہ کیا تو عوام ان کو مزید برداشت نہیں کریں گے ...

ڈنمارک ( این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ امریکی حواریوں اور کاسہ لیسوں کو اب خود فریبی سے نکل کر قوم کو امریکی غلامی کا درس دینے کی پالیسی ترک کردینی چاہیے ، جماعت اسلامی اول روز سے قوم کو امریکی ایجنڈے سے آگاہ اور اس کی سازشوں سے ہوشیار کرتی رہی ہے مگر امریکہ کو ان داتا اور آقا قرار دینے اور واشنگٹن کو قبلہ سمجھنے والوں نے ہمیشہ قوم کو لوریاں دے کر سلانے کا رویہ اپنائے رکھا ، ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ کو اپنے رویے پر نظر ثانی کرتے ہوئے دوسرے ممالک پر قبضہ کرنے کی پالیسی ترک کردینی چاہیے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ امریکہ نے عرا ق کو تاخت و تاراج کرنے کے بعد افغانستان پر چڑھائی کی اور اس کی ہزاروں کی تعداد میں فوج اب بھی افغانستان میں موجود ہے جو اس بات کی دلیل ہے کہ امریکی انتظامیہ ایک جارحانہ سوچ رکھتی ہے اور امریکہ کا یہ رویہ دنیا میں جنگ و جدل اور بدامنی کو فروغ دے رہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کی طویل سرحد پاکستان کے ساتھ ملتی ہے اور افغانستان میں امریکی فورسز کی موجودگی پورے خطے کے لیے بے چینی کا باعث اور عدم تحفظ کا احساس پیدا کررہی ہے ۔

مزید : علاقائی