ڈی پی پی کے رویے کیخلاف پراسیکیوشن ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس

ڈی پی پی کے رویے کیخلاف پراسیکیوشن ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس

لاہور(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر جام صلاح الدین کے رویے کے خلاف پراسیکیوشن ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ،مطالبات نہ ماننے پر پنجاب بھر کے پراسیکیوشن عہدیداران سے میٹنگ کی جائے گی۔سیشن کورٹ میں ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر جام صلاح الدین کے رویے کے خلاف پراسیکیوشن ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت پراسیکیوشن ایسوسی ایشن کے صدر امانت علی بھٹی نے کی ،اجلاس میں سیشن کورٹ،ماڈل ٹاؤن کچہری اور کینٹ کچہری کے تمام پراسیکیوشن عہدیداران نے شرکت کی اور پراسیکیوشن کو درپیش مسائل کے حل کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا، پراسیکیوشن ایسوسی ایشن نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر جام صلاح الدین کے پراسیکیوشن اور کلرک عملہ کے ساتھ نامناسب رویہ کے خلاف احتجاج بھی کیا ،ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کی جانب سے پراسیکیوشن کو کرپٹ کہا گیا جس پر تمام پراسیکیوشن عہدیداران اور کلرک عملہ سراپا احتجاج ہیں،پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکوٹر لیٹر پر دستخط کر کے آگے فارورڈ نہیں کرتے جس سے مقدمات میں تاخیر ہوتی ہے۔

،اجلاس میں پراسیکیوشن کی حاضری کو بھی زیر غور لایا گیا اور پراسیکیوشن کی حاضری عدالت میں لگانے پر غور کیا گیا کیونکہ پہلے دفتر میں حاضری لگانے سے مقدمات کی سماعت تاخیر کا شکار ہوتی ہیں،اجلاس میں پراسیکیوشن عہدیداران غلام عباس، میاں آصف، فخر عباس کاظمی، عطیہ فیاض، سعدیہ عارف، راحیلہ شاہد، ندیم ورائچ سمیت کلرک نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔پراسیکیوشن کا 4 رکنی وفد اپنے مطالبات ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے پیش کرے گا،مطالبات نہ ماننے کی صورت میں پنجاب بھر کے پراسیکیوشن افسران کے ساتھ میٹنگ کی جائے گی اور آئندہ کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

مزید : علاقائی


loading...