ایسی فوج کا چیف ہوں جس کے جوان وطن کیلئے ہر وقت جان نچھاور کرنے کو تیار ہیں : جنرل باجوہ
راولپنڈی،کرک(مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے ایسی فوج کا چیف ہوں جس کے جوان وطن کی خاطر ہروقت اپنی جان نچھاور کرنے کوتیار رہتے ہیں میں ان قوتوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں جو ملک کے باہر سے پاکستان کو دھمکیاں دیتے ہیں آپ دیکھ لیں ہمارے پاس ایسے والدین اور ایسے بچے موجود ہیں ۔انکی موجودگی میں کوئی بھی اس ملک کا بال بیکانہیں کر سکتا ۔ترجما ن پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ گزشتہ روز کرک کے علاقے گڑھ خیل میں محمد علی خان کے گھر گئے ۔محمد علی خان کے تین بیٹوں اور دو بھتیجوں نے مختلف آپریشنز میں ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔شہید ہونیوالے بیٹوں میں نائب صوبیدارعمردراز،حوالدارشیردرازاور لانس نائیک خورشیدشامل ہیں۔محمد علی خان کے تین بیٹے ایف سی خیبر پختونخوا اور چار بھتیجے اب بھی فوج میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔آرمی چیف نے محمد علی خان کی فیملی کو عظیم قربانیوں پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا ایسے عظیم والدین اور بہادر بیٹے ہوں تو کوئی دھمکی پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتی کوئی رقم ان کی حب الوطنی اور قربانیوں کی قیمت نہیں چکا سکتی ان کی قربانیاں ہی ہمیں پرامن اور مستحکم پاکستان کی طرف لے جا رہی ہیں۔آرمی چیف نے کہا کہ آج میں ڈسٹرکٹ کرک کے گاؤں گڑھ قلعہ محمد علی خان کے گھر آیا ہوں ان کے چھ بچوں نے فوج میں نوکری کی جن میں سے تین شہید ہوئے اور تین ابھی بھی نوکری کر رہے ہیں یہ وہ عظیم والدین ہیں جن کے تین بچوں نے اس ملک کیلئے جان دی ہے میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں میں سمجھتا ہوں کہ اس سے بڑی قربانی نہیں ہو سکتی میں ۔محمد علی خان نے دورہ کرنے اور گاؤں کیلئے فلاحی پیکیج دینے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا ۔علاوہ ازیںآرمی چیف جنرل قمر جاویدباجوہ نے شمالی وزیر ستان کا دورہ کیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے میرانشاہ میں شہداء کی یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ جی او سی میرانشاہ نے آرمی چیف کوسکیورٹی صورتحال اور نقل مکانی کرنیوالے افراد کی بحالی سمیت ایجنسی میں سماجی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی ۔آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر نئے تعمیر شدہ قلعوں کا دورہ کیا اور سرحد پر لگائی گئی آہنی باڑ کا جائزہ بھی لیا۔ آرمی چیف نے سرحدی سکیورٹی اقدامات کیلئے کام کی رفتار اور معیار کو سراہا۔کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ بھی دورے کے دوران موجود تھے ۔
جنرل باجوہ