آئی ایس پی آر کا بیان سول حکومت پر حملہ لگتا ہے : جاوید ہاشمی

آئی ایس پی آر کا بیان سول حکومت پر حملہ لگتا ہے : جاوید ہاشمی

ملتان(آئی این پی)سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے پاکستان اللہ کے سہارے پرکھڑا ہے،پاکستان کی بنیادیں فوجی ڈکیٹروں نے کھوددی ہیں،بدقسمتی یہ ہے کہ ملک میں سول حکومت کو مفلوج کردیا گیا ہے،سیاسی پارٹیاں اختلاف کرتی ہیں مگر ہمارے ہاں آئی ایس پی آر مقدس ہے ، آئی ایس پی ار کے ترجمان کا بیان ایسے لگتا ہے کہ وہ اپنی سول حکومت پر حملہ کر رہا ہو،ادارے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں ،جر نیل اور ججز اپنی حدود میں رہیں ۔ٹرمپ کا ذہنی توازن خراب ہے۔ پرویز مشرف نے نائن الیون میں ملک بیچ دیا تھا،اب مسلم لیگ ن کی حکو مت ہے،شکر ہے کوئی امریکہ کوآنکھیں دکھانے والا ہے،ملتان میں لیگی رہنما عمران ارشد کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو میں انکا مزید کہنا تھا ملک کے اندر غیر یقینی صورتحال ہے جو بہت خطرناک ہے،چھ ماہ بعد الیکشن ہیں پھر بھی ہر بندہ سوال پوچھتا ہے الیکشن ہونگے،کچھ جرنیلوں کو اس بات کی پرواہ نہیں کہ ملک کا کیا ہوگا،ان کو یہ پڑی ہے کہ ہم ملک پرقابض ہوکرفیصلے کریں،اس طریقے سے کوئی ملک چل نہیں سکتا،ہمارا پوری دنیا میں تماشہ ہورہا ہے، سترسال میں 14وزرائے اعظم کو نکالنے اورپھانسی دینے میں سپریم کورٹ کو استعمال کیا گیا،ہمارا سب سے بڑا ادارہ سپریم کورٹ ہے جہاں سے پاکستان کو مضبوط کرنے کے فیصلے آنے چاہیے۔ ہمیں اللہ پریقین ہے پاکستان قائم رہے گا۔ ہماری فوج مقدس ہے اس کو مقدس رہنا چاہے ،یہ صرف ٹرمپ کی بات نہیں بلکہ اس کے پیچھے پوری حکمت عملی ہے،آج امریکہ کی معیشت کمزور ہے،دنیا میں جب بھی کہیں ووٹنگ ہوتی ہے تو امریکہ کے پاس صرف9ووٹ ہوتے ہیں جبکہ 126ووٹ اس کیخلاف ہوتے ہیں، بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جتنی فوجی حکومتیں آئیں انہوں نے امریکہ کے ٹھیک اور غلط کاموں میں ہاتھ بٹائے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول