مالم جیہ میگا کرپشن سکینڈل پر احتسابی اداروں کو حرکت میں آنا چاہیے : ہارون بلور

مالم جیہ میگا کرپشن سکینڈل پر احتسابی اداروں کو حرکت میں آنا چاہیے : ہارون ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ہارون بشیر بلور نے مالم جبہ میں 275ایکڑ اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے میگا کرپشن سکینڈل کی مذمت کرتے ہوئے احتسابی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے کے قیمتی وسائل اور ذرائع آمدن کو بے دردی سے لوٹنے والوں پر ہاتھ ڈالیں اور کرپشن میں ملوث بڑی سرکاری مچھلیوں سے مذکورہ اراضی واگزار کرائی جائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ ھکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے صوبے کے وسائل پی ٹی آئی کے سرمایہ داروں میں ریوڑیوں کی طرح بانٹ رہی ہے جس کی واضح مثال صوبے کا خالی خزانہ ہے،ہارون بشیر بلور نے کہا کہ صوبے کی آمدن کے مستقل اور بڑے ذرائع اپنے چہیتوں کے ہاتھوں فروخت کرنے کی سازش عوام کبھی معاف نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبے کی بدقسمتی ہے کہ اس پر نا بلد اور غیر سنجیدہ لوگ حکومت کر رہے ہیں جنہوں نے تمام شعبوں اور محکموں کا نام نہاد اصلاحات کے نام پر حلیہ بگاڑ دیا ہے ، میرٹ اور شفافیت کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں،اور صوبے کو بد ترین مالی بحران کا شکار کر دیا گیا ہے ،جس سے عوام بیرونی قرضوں کے بو جھ تلے دبے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سرکاری افسروں نے قواعد کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 12ایکڑ اراضی کی بجائے 275ایکڑ زمین غیر قانونی طور پر 33سال کیلئے لیز پر الاٹ کر دی اور سرکاری خزانے کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگا دیا ،انہوں نے کہا کہ بولی سے لے کر معاہدے کے ڈرافٹ کی تیاری تک تمام معاملات میں گڑ بڑ ہے لہٰذا احتسابی ادارے اس پر فوری طور پر ایکشن لیں اور جو کوئی بھی اس میں ملوث ہو اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے