لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج، معمولات زندگی متاثر

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج، معمولات زندگی متاثر

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے لاہو ر سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں سارا دن ہی دھند کا راج رہا جس سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے۔صبح کے وقت شدید دھند کے باعث بچے اور سرکاری ملازمین وقت پر نہ پہنچ سکے۔ دھند کے باعث سر شام ہی بیشتر شہروں میں حد نظر صفر ہو گئی۔ بیشتر مقامات سے موٹر ویز کو بند کر دیا گیا جی ٹی روڈ پر شدید دھند کے باعث موٹر وے پولیس نے وارننگ جاری کر دی۔ ایئر پورٹ پر بھی دھند کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا سول ایوی ایشن نے چھوٹے طیاروں کو پروراز سے روک دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب اور دیگر صوبوں کے شہروں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ آئندہ 12گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم آئندہ 24گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، مردان، کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرنوالہ، کوئٹہ ، ژوب ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت میں سکردو میں منفی10،استور منفی09، گوپس منفی 08، گلگت، ہنزہ ، منفی 07، زیارت، دیر, کالام، کوئٹہ منفی05 ,قلات منفی 03، راولاکوٹ, بونجی، دروش،پارہ چنار منفی02، میرکھانی،دالبندین ، پٹن، اور رسالپورمیں منفی 01 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے ، قلات اور اس کے گردونواح میں بارش، پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے ۔ لا ہور ایئرپورٹ پر دھند نے اپنے پر پھیلا دیئے اورحد نگاہ 500 میٹر تک محدود ہو کر رہ گئی ۔محکمہ مو سمیا ت کے مطابق، آئندہ 2 روز تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں دھند کے باعث نظام زندگی مفلو ج ہو کر رہ گیا ، مختلف علاقوں میں دھند میں حدِنگاہ 0 سے 50 میٹر تک رہ گئی ۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپر یشن معطل ہو گیا ۔ 20 سے زائد ملکی و غیرملکی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ۔ دھند کے باعث ٹرینیں بھی تاخیر کا شکار ہیں۔ترجمان موٹر و یز کے مطابق لاہور سے پنڈی بھٹیاں، گوجرہ کے سیکشن بند کر دئیے گئے ۔ کالا شاہ کاکو سے کھاریاں تک بھی حد نگاہ 0 سے 100 میٹر تک رہ گئی نیشنل ہائی ویز پر لاہور سے پتوکی تک کئی مقامات پر حد نگاہ 0 سے 70 میٹر تک رہ گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 21 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں آج کم از کم درجہ حرارت 9 اعشاریہ 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کم از کم درجہ حرارت 10 سے 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 27 سے 29 سینٹی گریڈ رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، اس وقت کراچی کا درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 41 فیصد ہے۔

دھند

مزید : ملتان صفحہ اول