ادارے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل، جرنیل اور جج اپنی حدود میں رہیں: جاوید ہاشمی

ادارے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل، جرنیل اور جج اپنی حدود میں رہیں: جاوید ہاشمی

ملتان(سپیشل رپورٹر)سینئرسیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کے سہارے پرکھڑا ہے،پاکستان کی بنیادیں فوجی ڈکیٹروں نے کھوددی ہیں،بدقسمتی یہ ہے کہ ملک میں سول حکومت کو مفلوج کردیا گیا ہے،سیاسی پارٹیاں اختلاف کرتی ہیں،ادارے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کریں ،جرنیل اور ججز اپنی حدود میں رہیں ۔ٹرمپ کا ذہنی توازن خراب ہے۔ پرویز مشرف نے نائن الیون میں ملک بیچ دیا تھا،اب مسلم لیگ ن کی حکومت ہے،شکر ہے کوئی امریکہ کوآنکھیں دکھانے والا ہے،ملتان میں لیگی رہنما عمران ارشد کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملک کے اندر غیر یقینی صورتحال ہے جو بہت خطرناک ہے،چھ ماہ بعد الیکشن ہیں پھر بھی ہر بندہ سوال پوچھتا ہے کہ الیکشن ہونگے،کچھ جرنیلوں کو اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ ملک کا کیا ہوگا،ان کو یہ پڑی ہے کہ ہم ملک پرقابض ہوکرفیصلے کریں،اس طریقے سے کوئی ملک چل نہیں سکتا،ہمارا پوری دنیا میں تماشہ ہورہا ہے،انہوں نے کہا کہ سترسالوں میں 14وزرائے اعظم کو نکالنے اورپھانسی دینے میں سپریم کورٹ کو استعمال کیا گیا،ہمارا سب سے بڑا ادارہ سپریم کورٹ ہے جہاں سے پاکستان کو مضبوط کرنے کے فیصلے آنے چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادیں ڈکیٹرشپ اورفوجی حکومتوں نے کھوددی ہیں،کس وقت یہ عمارت گرپڑے،پاکستان صرف اللہ کے سہارے پرکھڑا ہے،ہمیں اللہ پریقین ہے کہ پاکستان قائم رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری فوج مقدس ہے اس کو مقدس رہنا چاہے ، آئی ایس پی ار کے ترجمان کا بیان لگتا ہے کہ وہ اپنی سول حکومت پر حملہ کر رہا ہو۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا ذہنی توازن خراب ہے،یہ صرف ٹرمپ کی بات نہیں بلکہ اس کے پیچھے پوری حکمت عملی ہے،آج امریکہ کی معیشت کمزور ہے،دنیا میں جب بھی کہیں ووٹنگ ہوتی ہے تو امریکہ کے پاس صرف9ووٹ ہوتے ہیں جبکہ 126ووٹ اس کیخلاف ہوتے ہیں،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جتنی فوجی حکومتیں آئیں وہ امریکہ کے ٹھیک اور غلط کاموں میں ہاتھ بٹاتے رہے،پرویزمشرف نے جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر امریکہ کا ساتھ دیا اور شمسی ائیربیس ودیگر ٹھکانے امریکہ کے قبضے میں دئیے،یہی وجہ ہے کہ امریکہ آج ہمیں آنکھیں دکھارہا ہے،پوری قوم کو متحد ہوکرٹرمپ کی دھمکی کا جواب دینا چاہیے۔

مزید : ملتان صفحہ اول