چیف سیکرٹری کی مردان میں ڈیجیٹل معلوماتی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

چیف سیکرٹری کی مردان میں ڈیجیٹل معلوماتی منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے کہا ہے کہ مردان میں ڈیجیٹل معلوماتی منصوبے کو تمام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور اکیسویں صدی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بھر پور عملی اقدامات کیئے جائیں تاکہ اسی ماڈل کی صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں دستیابی ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ موجودہ ضلعی انتظامیہ کے لئے ایک چیلنج ہے جس کا مقصد جدید فلاحی معاشرے کا قیام اور بیوروکریسی کو عوام دوست بنانے کا عملی ثبوت دینا ہے اور یہی منصوبہ دور جدید کے تمام تقاضوں اور مستقبل کے چیلنجوں کے لئے نبرد آزما ہونا چاہیئے۔ضلعی انتظامیہ مردان نے عوامی مقامات پر جدید ڈیجیٹل ٹچ سکرین کی تنصیب کے ذریعے ای۔گورنمنٹ کے عملی نفاذ کے لئے انتظامات کوحتمی شکل دی ہے جس کے تحت عوام مذکورہ سکرین سے تمام حکومتی امور سے متعلق معلومات تک رسائی،اپنی شکایات اور مسائل سے متعلق جوابات اور مختلف عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں پیش رفت سمیت تمام اہم معلومات حاصل کریں گے۔ڈیجیٹل معلومات او ر اقدامات سے متعلق ڈپٹی کمشنر مردان ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخو کو تفصیلی بریفنگ دی۔بریفینگ کا مقصد ضلع مردان میں جدید ای۔گورنمنٹ کے قیام کے لئے جاری اقدامات کے بارے میں آگہی حاصل کرنا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مردان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ان تمام سکرینوں پر مقدموں،زرعی اور جائداد ٹیکس،فردات،ریونیو کیسز، ڈومیسائل، گاڑیوں کی رجسٹریشن، اسلحہ لائسنس،نرخ نامے و دیگر سرکاری امور سے متعلق معلومات دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ان سکرینوں پر طلباء کے لئے بورڈ نتائج اور دیگر معلومات بھی فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ تمام سکرینوں پر معلومات سہل انگریزی اور اردو زبان میں فراہم کی جائے گی جبکہ یہی معلومات مردان کی سرکاری ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ناخواندہ افراد کے لیے ضلع بھر میں 1046نمبر پر معلومات حاصل کرنے کے لئے ہیلپ لائن قائم کیا جا رہا ہے۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ڈپٹی کمشنر مردان کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے دیگر تمام اضلاع میں اسی ماڈل کے تحت اقدامات کا عندیہ دیا۔