نوجوانوں کو روزگاربغیرسفارش فراہم کیا جارہا ہے،افتخار گیلانی

نوجوانوں کو روزگاربغیرسفارش فراہم کیا جارہا ہے،افتخار گیلانی

مظفرآباد( بیورورپورٹ)آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز و کالجز اور ایم سی ڈی پی بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں میرٹ پر تقرریوں سے ریاست میں میعاری تعلیم کی فراہمی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا ریاست کے باصلاحیت اور میرٹ پر آنیوالے نوجوانوں کو روزگار کسی سفارش کے بغیر فراہم کیا جا رہا ہے تعلیمی اداروں میں کمپیوٹر انسٹرکٹرز کی آسامیاں پی ایس سی کے ذریعے سو فیصد میرٹ پر کی گئی ہیں اور ان تقرریوں میں ضلعی کوٹہ کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے کسی بھی ضلع میں دوسرے ضلع کی تقرری نہیں کی گئی اس معاملے پر جو ابہام پایا جاتا ہے وہ درست نہیں ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ضلعی کوٹہ پوسٹوں کا ہوتا ہے جبکہ پوسٹیں پورے آزادکشمیر کی ہوتی ہیں پی ایس سی نے تمام پوسٹیں اکٹھی کر کے ضلعی کوٹہ کے مطابق تقرریاں کی ہیں گزٹیڈ پوسٹوں پر آزادکشمیر میں کہیں بھی تعیناتی ہو سکتی ہے مثال کے طور پر اگر ایک سو آسامیاں تخلیق ہوں تو ان میں تمام اضلاع کا کوٹہ گنتی ہو گا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے عوام کو سرکاری ملازمتوں میں بلا تفریق اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مواقع فراہم کئے ہیں جو اہلیت اور صلاحیت رکھتا ہو گا اپنے بل بوتے پر بغیر کسی سفارش کے ملازمت حاصل کرے گا سابقہ ادوار میں ریاست کے نوجوانوں کو کھڈے لائن لگا کر برادریوں ، عزیزو اقار ب ، سیاسی وابستگیوں اور مخصوص افراد کو ملازمتوں میں ایڈجسٹ کیا جاتا رہا ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں ریاست کے عوام کو بلا تخصیص ترقی کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے گزشتہ کئی سالوں سے کمپیوٹر انسٹرکٹرز کی آسامیاں التواء کا شکار تھیں لیکن چونکہ موجودہ حکومت کی کوئی پسند و ناپسند اورخاص افراد کو نوازنے کی پالیسی نہیں اسی لئے اب پچانوے فیصد آسامیوں پر لوگ تعینات ہو چکے ہیں

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر