امریکی قونصلیٹ کے ملازم کی گاڑی پر حملہ، دھمکی آمیز خط
لاہور (ویب ڈیکس) چوہنگ کے علاقہ میں نامعلوم افراد امریکی قونصلیٹ کی ملازم کی گاڑی کا شیشہ توڑ کر دھمکی آمیز خط پھینک کر فرار ہوگئے، خط میں امریکہ سے وفاداریاں رکھنے والے افراد کو سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے، چوہنگ پولیس نے خط قبضہ میں لیتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا ہے۔
روزنامہ ایکسپریس کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم افراد چوہنگ کے علاقہ میں ا مریکی قونصلیٹ کی ملازم صدف کے گھر کے باہر اس کی گاڑی کا شیشہ توڑ کر ایک خط پھینک کر فرار ہوگئے، شور کی آواز سن کر جب اہلخانہ باہر نکلے تو ملزم فرار ہوچکے تھے۔ا طلاع ملنے پر پولیس بھی متوقع پر پہنچ گئی جس نے گاڑی سے ملنے والا خط قبضہ میں لے لیا۔
اخبار کے مطابق خط میں امریکہ کے خلاف تحریک چلانے کا دعویٰ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے یہ تحریک لاہور سے شروع ہوگی، خط میں امریکہ اور امریکہ سے وفاداری رکھنے والے افراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں جبکہ امریکہ کو بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے سے باز رہنے کا بھی کہاگیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔