زندہ قومیں چیلنجر کا خندق پیشانی سے مقابلہ کرتی ہیں،ٹرمپ کے ٹویٹ پر امریکی سفیر کو طلب کیا تھا،ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ زندہ قومیں چیلنجزکاخندہ پیشانی سے مقابلہ کرتی ہیں،پاکستان نے ڈونلڈٹرمپ کے ٹویٹ پرامریکی سفیرکوطلب کیاتھا، ان کا کہناتھا کہ آئی ایس پی آرکاواضح بیان آچکاکہ ڈرون حملے پرموثرجواب دیاجائے گا،دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ گوادرمیں چینی فوجی اڈے بنانے کی کوئی درخواست نہیں ملی اور نہ ہی کوئی منصوبہ زیرغورہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کاسلسلہ جاری ہے،کشمیرمیں انسانیت سوزمظالم کاسلسلہ بندکیاجائے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کاپاکستانی زائرین کوویزہ نہ دیناافسوسناک ہے،بھارت نے بلائنڈکرکٹ ٹیم کوبھی ویزے جاری نہیں کئے،ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان،بھارت نے رواں ہفتے قیدیوں اورایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کاتبادلہ کیا،بھارت کارگل لداخ روڈکھولنے سے متعلق بات چیت نہیں کرناچاہتا،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کوبرآمدات میں کمی کی خبریں بے بنیادہیں،پاک افغان تجارت میں تیزی آئی ہے، پاک افغان تجارت کیلئے راستے پوراہفتہ کھلے رہتے ہیں،ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ 3 دہائیوں سے افغان مہاجرین کی میزبانی کررہے ہیں،مہاجرین کی واپسی کیلئے کبھی زبردستی نہیں کی،ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ایران پاکستان کابرادراسلامی ملک ہے،ایرانی عوام کے مظاہرے ان کااندرونی معاملہ ہے۔
پاکستان نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل پر بات چیت ہونی چاہیے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، نئی دہلی کے ساتھ تمام مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے۔ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ قوموں اور ممالک کے درمیان مسائل کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق ابھی تک نظر بند ہیں جبکہ ہزاروں حریت رہنماؤں اور شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بھٹ، نعیم احمد خان اور دیگر کارکنان مختلف جیلوں میں قید ہیں جو قابل مذمت ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں بتایا کہ حکومت پاکستان نے 58 شہریوں اور 399 ماہی گیروں سمیت 457 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کی، اور یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 مئی 2008 کو ہونے والے قونصلر رسائی کے معاہدے کی دفعات کے مطابق ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان 8 جنوری 2018 کو 146 ماہی گیروں کو بھی رہا کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا کی جانب سے بیت المقدس کے امریکی فیصلے کو ایک بار پھر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشرقی بیت المقدس کو فلسطین کا دارالخلافہ سمجھتے ہوئے فلسطین کے 2 ریاستی حل کی حمایت کی۔فلسطینی سفیر کی جانب سے پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے جلسوں میں شرکت کرنے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی سفیر پہلے بھی پاکستان میں مختلف پروگراموں میں شریک ہوتے رہے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے 29 دسمبر 2017 کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے چرچ میں ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاء پر افسوس کا اظہار کیا، اور کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں.ڈاکٹر محمد فیصل نے جلال آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی بھی مذمت کی، اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنے والے افغان شہریوں کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ جاپان کے وزیر خارجہ نے 3 سے 4 جنوری کے دوران پاکستانی دورا کیا، اس دوران انہوں نے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے و عالمی مسائل پر بات کی گئی۔