وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ترکی کے دوران کی وہ تصویر جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کردیا
انقرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان ترکی کے دورے پر ہیں ، اس دوران انہوں نے ترک صدر سمیت اہم ترین لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور دونوں ملکوں کے باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ ان ملاقاتوں میں ایک ملاقات ایسی بھی ہے جس کی ایک تصویر نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا کر رکھا ہے۔
یہ تصویر وزیر اعظم عمران خان کی ترک وزیر صحت سے ملاقات کی ہے۔ تصویر وزیر اعظم آفس کے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ اس تصویر کی خاص بات وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ موجود وزرا اور مشیروں کا غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔
تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ترک وزیر صحت کے ساتھ محو گفتگو ہیں لیکن ایسے میں پاکستانی وزرا انتہائی تندہی کے ساتھ اپنے موبائلز میں مگن ہیں۔ سوشل میڈیا پر ترک اور پاکستانی عملے کے رویے کا موازنہ بھی کیا جارہا ہے کیونکہ ترک آفیشلز جس انداز میں بیٹھے ہیں اس میں پروفیشنلزم اور ڈپلومیٹک ایتھکس نظر آرہی ہیں جبکہ پاکستانی سائڈ کا اللہ ہی حافظ ہے۔
اس تصویر کے باعث وزیر اعظم کی کابینہ پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔ انعم احسن نے اس تصویر کو قوم کا چہرہ قرار دے دیا۔
نتاشہ نے وزیروں کے اس رویے کو نان پروفیشنل اور باعثِ شرمندگی سمجھا۔
سبرین ملک نے وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ کے ارکان کو ڈپلومیٹک طور طریقے سمجھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے بھی ایک ایسی ہی تصویر سامنے آئی تھی جس پر سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوا تھا۔ یہ تصویر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی تھی جو کھانا کھاتے ہوئے بنائی گئی تھی۔