ملتان:بجلی چور ریٹائر لائن سپرنٹنڈنٹ کیخلاف مقدمہ‘ گرفتاری کیلئے چھاپے شروع
ملتان (سٹاف رپورٹر) ایس ڈی او سمیت چھاپہ مار میپکو ٹیم کو یرغمال بنانے والے ریٹائر لائن سپرنٹنڈنٹ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا‘ پولیس نے گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے‘ بتایا گیا ہے کہ ایس ڈی او شاہ رکن عالم سب ڈویژن انجینئر غلام مصطفی مجاہد نے چاہ گہنے والا19کسی بدھلہ روڈ ملتان پر ایک بھانے کی چیکنگ کی تو وہاں ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کی جا رہی تھی‘ چھاپے کے دوران (بقیہ نمبر37صفحہ7پر)
معلوم ہوا کہ بھانہ ریٹائر لائن سپرنٹنڈنٹ فیاض احمد خان خاکوانی کا ہے۔ میپکو ٹیم کنکشن منقطع کرنے لگی تو ریٹائر ایل ایس فیاض احمد خان خاکوانی نے اپنے 3آدمیوں کے ہمراہ شدید مزاحمت کی اور بھانے کو اندر سے تالہ لگا کر ایس ڈی او انجینئر غلام مصطفی مجاہد‘ ایل ایس غلام عباس‘ ایل ایم مطیع الرحمن شاہ اور عبدالمجید کو یرغمال بنا لیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ اس اثنا میں ایل ایس غلام عباس کی طرف سے 15پر کال کرنے پر پولیس کارروائی کے ڈر سے ملزمان نے میپکو ٹیم کو رہا کیا۔ بتایا گیا ہے کہ بجلی چوری والا کنکشن ولید شاہ نواز کے نام سے لگا تھا اور بھانے میں 50سے زائد بھینسیں موجود تھیں اور عرصہ دراز سے بڑے پیمانے پر بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ ایس ڈی او کے مراسلے پر پولیس تھانہ مخدوم رشید نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دئیے ہیں۔ اس حوالے سے ایکسین شاہ رکن عالم ڈویژن انجینئر وسیم اختر کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر طاہر محمود اور ایس ای انجینئر میاں محمد انور کی ہدایات کے مطابق بجلی چوروں کے خلاف بلا امتیاز سخت ایکشن لیاجارہا ہے اور بجلی چو ر خواہ کو ئی بھی ہو اور کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو‘اسے کسی بھی صورت میں نہیں چھوڑا جائے گا اور رولز کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن سردیوں میں بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے۔
چھاپے