مہمند، بائیزئی ماربل ٹھیکیداروں کاڈی ایس پی کیخلاف مظاہرہ

مہمند، بائیزئی ماربل ٹھیکیداروں کاڈی ایس پی کیخلاف مظاہرہ

  



مہمند (نمائندہ پاکستان)مہمند،ہیڈ کوارٹر غلنئی میں بائیزئی ماربل ٹھیکیداروں کا ڈی ایس پی بائیزئی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔اپنے علاقے میں سرکاری اختیارات کاناجائز استعما ل کرتے ہوئے مزدوروں پر تشدد کیااور کروڑوں روپے کی مشینری کو نذرآتش کردیا۔ حکومت نے نااہل ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی نہ کی تو ہم خود راست قدم اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز ہیڈکوارٹر غلنئی میں بائیز ئی تورہ خواہ ماربل پہاڑی کے ٹھیکیداروں اور مزدوروں نے ڈی ایس پی بائیزئی آیاز کے خلاف پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرین اور ماربل ٹھیکیداران نثار، ارشد، حاجی سعد رحمن،جمعدراز، حاجی ظاہر نے کہا کہ تحصیل بائیزئی کے ڈی ایس پی سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے آئے روز ماربل پہاڑی کے ٹھیکیداروں اور مزدوروں کو بے جا تنگ کیا جارہا ہے اور پچھلے دنوں ماربل کانوں میں ہمارے کروڑوں روپے کی قیمتی مشینری کو نذر آ تش کیا گیا جبکہ مزدورں پر بھی تشددکیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نااہل ڈی ایس پی کو ملازمت سے برطرف کیا جائے اور ماربل پہاڑی کے ٹھیکیداروں کو ڈی ایس پی کی کرتوتوں سے تحفظ دیا جائے بصورت دیگر ہم ماربل ٹھیکیداران خود راست قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے جس کی تمام تر ذمہ دار ی حکومت پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ڈی ایس پی نے ہمارے کئی بندوں کو غیرقانونی طورپر سارا دن حراست میں رکھا گیا اور انکو تنگ کرنے کیلئے طرح طرح کی اذیتیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مذکورہ علاقے تورہ خواہ ماربل پہاڑوں کے قانونی مائننگ لیز موجود ہے جس پر پشاور کے ہائیکورٹ جسٹس وقاراحمد سیٹھ نے ہمارے حق میں 2027تک ماربل نکالنے کی منظوری دی ہے اب مذکورہ علاقے کے ڈی ایس پی اور ان کے والد ہمیں مختلف سازشی طریقوں کے ذریعے بے جا تنگ کررہے ہیں لہٰذا مقامی ضلعی انتظامیہ ظالم ڈی ایس پی کو فوری طورپر معطل کرکے ہمیں تحفظ دیں اور ہمیں اپنا کام شروع کرنے کی اجازت دی جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...