آتشزد گی سے متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے: لاہور چیمبر 

آتشزد گی سے متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے: لاہور چیمبر 

  



لاہور (کامرس ڈیسک)  لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغر اور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد نے لاہور کی مصروف ترین مارکیٹوں میں سے ایک نثار آرٹ پریس مارکیٹ،چیمبر لین روڈ میں ہونے والے آتشزدگی کے حالیہ واقع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ متاثرہ تاجروں کے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔ ایک بیان میں عہدیداروں نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر متاثرہ تاجروں کی مالی معاونت کرنی چاہیے،جن کو اس حادثے میں شدید نقصان ہوا ہے، ساتھ ہی انہوں نے نجی شعبہ پر بھی زور دیا کہ وہ خود بھی حادثاتی انشورنس کروائیں۔ انہوں نے صوبائی و وفاقی حکومت سے تمام مارکیٹوں میں انفراسٹرکچر کی بہتری اور فائر ہائیڈرینٹ کی تنصیب یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں اور خصوصا لاہور میں آتشزدگی کے روز بروز بڑھتے واقعات کے باوجود حفاظتی اقدامات کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا اگرچہ مارکیٹوں میں فائر ہائیڈرنٹ کی تنصیب حکومت کی ذمہ داری ہے مگر حکومت کے پاس سرمائے کی قلت کی صورت میں نجی شعبے کو بھی اس سلسلے میں اپنی مدد آپ کے تحت انتظام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کارو باری مراکز میں آتشزدگی کے واقعات سے ہونے والے بھاری نقصان سے بچنے کیلئے آگاہی مہم چلائی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں آتشزدگی کے درجنوں واقعات رونما ہوتے ہیں جن میں سے اکثر پر بآسانی صورتحال پر قابو پایا جا سکتا ہے مگر بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہو جاتی ہے اور شدید نقصان کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے گنجان اور تنگ مارکیٹوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا کیونکہ ان علاقوں میں آتشزدگی کے زیادہ تر واقعات شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آتے ہیں۔ 

مزید : کامرس


loading...