پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشینسی پریڈ 2019کا انعقاد

پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشینسی پریڈ 2019کا انعقاد

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشینسی پریڈ2019 کی پروقار تقریب آج پی این ایس قاسم، کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں آمد پر کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔کوسٹل کمانڈایفیشینسی پریڈ کا انعقاد سالانہ بنیاد پر کیا جاتا ہے جہاں آپریشنل سال کے دوران آپریشنل،انتظامی اور دیگر سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس کو ایفیشینسی شیلڈز عطا کی جاتی ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈمشکل جغرافیائی حالات اور درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات سے نبرد آزما ہوتے ہوئے سر کریک سے جیوانی تک پھیلی ملکی ساحلی پٹی کے تحفظ کی ضامن ہے۔نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کی سیکیورٹی اور گوادر پورٹ کو فعال بنانے کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے سال2019 کے دوران کوسٹل کمانڈ کی کثیر الجہتی آپریشنل سرگرمیوں کا جائزہ پیش کیا جس کے دوران پلوامہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال میں کوسٹل کمانڈ کی آپریشنل تیاری اور بھرپور ردعمل کا پہلو بھی زیر بحث آئے۔کمانڈر کوسٹ نے بتایا کہ آپریشنل، انتظامی اور ویلفئیر پراجیکٹس کی شاندار تکمیل کے علاوہ کوسٹل کمانڈ نے ساحلی علاقوں کی سماجی اور معاشی بہبود کے کئی پراجیکٹس بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھرپور خدمات انجام دیں۔بعد ازیں چیف آف دی نیول اسٹاف نے سال 2019 کے دوران مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں ایفیشینسی شیلڈز تقسیم کیں۔تقریب میں پاک بحریہ کے سینئیر حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں، جوانوں اورنیوی سویلینز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر