بھارتی انتہاپسند ہندو حکومت اپنے بد ترین ہتھکنڈوں پر اُتر آئی،عاکف سعید

بھارتی انتہاپسند ہندو حکومت اپنے بد ترین ہتھکنڈوں پر اُتر آئی،عاکف سعید

  



لاہور (نمائندہ خصوصی)تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے بھارت کے صوبہ اُتر پردیش میں بھارتی پولیس کی طرف سے مدرسہ کے طالب علموں اور اُستاد کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کے واقعہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی انتہاپسند ہندو حکومت اپنے بد ترین ہتھکنڈوں پر اُتر آئی ہے۔ حقیقت میں بھارتی حکومت آر ایس ایس اور دیگر ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ایجنڈے کو لے کر چل رہی ہے اور ان تنظیموں کا واحد ایجنڈا بھارت سے مسلمانوں کو نیست و نابود کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 57اسلامی ممالک کے ہوتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی سلوک مسلم حکمرانوں کے لیے شرم کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کی اسی خاموشی نے بھارت کو اتنا حوصلہ دیا ہے کہ وہ اب کھل کر اسلام دشمنی پر اُتر آیا ہے۔ پہلے اس نے کشمیری مسلمانوں پر ظلم ڈھائے، جب مسلم ممالک نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تو اب وہ بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی پر اُتر آّیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی خاموشی اگر اسی طرح جاری رہی توشدید اندیشہ ہے کہ بھارت میں سپین کی تاریخ دہرائی جائے اور وہاں چن چن کر مسلمانوں کو ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے امریکہ کی طرف سے کیے گئے ایک فضائی حملے میں ایرانی جنرل کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ایسے جارحانہ اقدام مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو بڑھاوا دینے کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اب جان لینا چاہیے کہ امریکہ کسی بھی مسلم ملک کا دوست نہیں ہو سکتا بلکہ تمام مسلم ممالک ہی اُس کا اصل ٹارگٹ ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...