2020ء غربت کے خاتمے کا سال، پنجاب معاشی ترقی کی دوڑ میں سبقت لے جائیگا: عثمان بزدار
فیصل آباد(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب معاشی ترقی کی دوڑ میں لیڈلے گا،2020ء غربت کے خاتمے کا سال ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں سی پیک کے تحت پاکستان کے پہلے اورسب سے بڑے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ معاشی ترقی کے ثمرات پنجاب کے ہر شہری تک پہنچیں گے،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا پراجیکٹ صوبے میں معاشی خوشحالی لائے گا جوخوشحال پاکستان کی جانب پہلا قدم ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ کہا کہ پنجاب ترقی کے لانچنگ پیڈ سے ٹیک آف کرچکا ہے۔ 3217ایکڑ پر مشتمل علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کیلئے ابتدائی طورپر 5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔جس کیلئے 12چینی کمپنیاں تقریباً 1ارب ڈالر سرمایہ کاری پر رضا مندی ظاہر کرچکی ہیں۔انڈسٹریل سٹی کیلئے چار دیواری ہوٹل،ریسکیو 1122اوردیگرسہولتوں کی فراہمی کا کام جلد ازجلد مکمل کیا جائے گا۔ہنر مند افرادی قوت کی فراہمی کیلئے ٹیوٹا کے انسٹی ٹیوٹ بھی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ویلیو ایڈیشن سٹی ساہیانوالہ انٹرچینج پر فیصل آباد انڈسٹریل سٹی قائم ہوچکا ہے جہاں 25چائینز کمپنیاں صنعتیں لگارہی ہے اور ڈیڑھ ارب ڈالرکی سرمایہ کاری آچکی ہے۔صوبے میں 10سپیشل اکنامک زون بنائے جارہے ہیں۔جن میں سے 6کی وفاقی حکومت منظوری دے چکی ہے جبکہ چار کی اجازت جلد دے دی جائے گی۔3ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بھی قائم ہوں گی،وہاڑی، مظفر گڑھ،لیہ،رحیم یار خان،ملتان اوردیگر شہروں میں انڈسٹریل سٹیٹ قائم کی جارہی ہیں جبکہ مارچ میں قائد اعظم اپیرل پارک کا افتتاح وزیراعظم کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈیڑھ ارب کی لاگت سے ہنر مند پروگرام شروع ہوچکا ہے۔ہر سال ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی جسے بتدریج بڑھا کر10لاکھ سالانہ تک لے جایا جائے گا۔سمال انڈسٹریز کے تحت کاروبار کیلئے 6ارب کے قرضے دیئے جارہے ہیں۔کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے پراجیکٹ کی کامیابی کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی رینکنگ میں بہتری آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تعاون، رہنمائی اورمدد پر وزیراعظم اوران کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے معیشت کا پہیہ گھومے گا تو غریب کا چولہا جلے گا۔ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔جس کے اثرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم کے ہمراہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے پراجیکٹ کاسنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر فیڈمک کے سربراہ کی طرف سے بریفنگ دی گئی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعظم کے ہمراہ فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح کیا۔انہوں نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا دور ہ کیا اور مقیم افراد کیساتھ مل کر دوپہر کا کھانا بھی کھایا۔
سردار عثمان بزدار