مغلپورہ، سسر کے رقم دینے سے انکار پر شوہر نے بھائی سے مل کر بیوی کو قتل کردیا

  مغلپورہ، سسر کے رقم دینے سے انکار پر شوہر نے بھائی سے مل کر بیوی کو قتل ...

  



لاہور(کر ائم رپورٹر)مغلپورہ میں سسرال سے پیسے کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر شوہر نے مبینہ طور پر اپنے بھائی کے ساتھ ملکر بیوی کو چھریاں مار کر قتل کر دیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر مردہ خانہ منتقل کردی۔ تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب کی رہائشی 35 سالہ غلام صابراں عرف ثانیہ کی چند سال قبل مغلپورہ کے رہائشی فیاض سے شادی ہوئی۔ شادی کے بعد میاں بیوی میں لڑائی جھگڑا معمول بن گیا۔ غلام صابراں عرف ثانیہ کے بھائی رانا اعجاز احمد کے مطابق تین روز قبل میرے بہنوئی فیاض، اس کے بھائی اعجاز اور سسر فرزند نے غلام صابراں کو اپنے گھر سے والد سے پیسے لانے کا مطالبہ کیا۔ رانا اعجاز نے پولیس کو بتایا کہ انکار پر طیش میں آکر فیاض اوراس کے بھائی اعجاز نے غلام صابراں عرف ثانیہ کو چھریوں کے وار کرکے قتل کیا اور دونوں موقع سے فرار ہوگیا۔ ایس ایچ او مغلپورہ طاہر محمود کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانہ منتقل کردیا۔

مقتولہ غلام صابراں کے بھائی رانا اعجاز احمد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔ فیاض اور اس کے بھائی اعجاز کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

مزید : علاقائی