بھارتی امور پر او آئی سی اجلاس کی خبریں قیاس آرائیاں، بھارت
نئی دہلی (این این آئی)بھارت نے کہاہے کہ شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی پر وہ عالمی برادری کے موقف سے پوری طرح مطمئن ہے اور اس کے سفارت کار مختلف ممالک پر بھارتی موقف واضح کرنے میں مصروف ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کئی امور پر بات کی لیکن زیادہ تر سوالات شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے بارے میں تھے۔ ان سے جب کشمیر کے معاملے پر اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کی پاکستان میں ہونے والی ممکنہ میٹنگ کے بارے پوچھاگیا تو انہوں نے کہاکہ اس طرح کی خبریں قیاس آرائیوں پر مبنی ہیں۔ فی الوقت ہمیں کسی ایسی او آئی سی میٹنگ کے بارے کچھ معلوم نہیں جس میں بھارتی امور پر بات ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ او آئی سی کی میٹنگ ہر برس ہوتی ہے اس بار بھی ہوگی لیکن ہمیں اب تک اس بات کا قطعی کوئی علم نہیں کہ اس میں بھارتی معاملات پر خاص توجہ دی جائے گی۔ایک سوال کے جواب میں بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ این آر سی اور شہریت ترمیمی ایکٹ سے متعلق ملائیشیا نے جو بیانات دیے ہیں اس پر ملائیشیائی حکومت کو بھارتی تشویش سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
شہریت ایکٹ