اوٹی سی لاہورچیلنج کپ‘کینٹ جم خانہ اور کرکٹ سینٹر کلب دوسرے مرحلے میں داخل

اوٹی سی لاہورچیلنج کپ‘کینٹ جم خانہ اور کرکٹ سینٹر کلب دوسرے مرحلے میں داخل

  



 لاہور (سپورٹس رپورٹر)اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کے سنسنی خیزمقابلوں کا سلسلہ جاری وساری ہے،کینٹ جم خانہ اور کرکٹ سینٹر کلب نے اپنے اپنے میچ جیت کر ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی۔پرنس کلب اور مغلپورہ سپورٹس کی ٹیموں کاسفر پہلے مرحلے میں ہی اختتام کو پہنچ گیا۔ایل سی سی اے گراؤنڈ پرکینٹ جم خانہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد روایتی حریف پرنس کلب کو چھ رنز سے شکست دے دی۔پرنس کلب کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے کینٹ جم خانہ کی پوری ٹیم 34ویں اوور میں 173رنزبناکر آؤٹ ہو گئی۔سلمان علی 57،شاہد منصور 34اور جمیل اسلم 26رنزبناکر نمایاں رہے۔پرنس کلب کے کفایت حسین نے ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک سمیت 17رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پرنس کلب کی ٹیم 34ویں اوور میں 167رنزبناکر آؤٹ ہو گئی۔فہد الحق 55،کفایت حسین 34اور عمار طارق 20رنز بناکر نمایاں رہے۔کینٹ جم خانہ کے فیضان رسول نے 26رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔میچ میں عمدہ باولنگ پر کینٹ جم خانہ کے فیضان رسول کو مین آف دی میچ کاا یوارڈ دیا گیا۔

کرکٹ سینٹر گراؤنڈ پر مضبوط کرکٹ سینٹر کلب نے مغل پورہ سپورٹس کو 228رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔کرکٹ سینٹرکلب نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 30اوورزمیں نووکٹوں کے نقصان پر 295 رنزبنائے،طارق نواز 68،امیر حمزہ 47،عمران خالد 43اور ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل 22رنزبناکر نمایاں رہے۔مغل پورہ سپورٹس کے عبدالسلام نے تین جبکہ عمران خان اور ناصر میو نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں مغل پورہ سپورٹس کی پوری ٹیم محض 67رنزبناکر آؤٹ ہوگئی۔امتیاز خان 14اور محمد عمر 13رنزبناکر نمایاں رہے۔کرکٹ سینٹر کلب کے عمران خالد نے تین،سیف الرحمن،مختار احمد اور محمد وحید نے دودو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔میچ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر کرکٹ سینٹر کلب کے عمران خالد کو مین آف دی میچ قراردیاگیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی


loading...