تیمور جھگڑا، جنوبی کورین سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری پراتفاق

تیمور جھگڑا، جنوبی کورین سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری ...

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا سے جنوبی کوریا کے سفیرKwak Sung-Kyu کی ملاقات،توانائی اور ہاؤسنگ سمیت مختلف شعبوں میں خطیرسرمایہ کاری پر اتفاق۔خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا سے پاکستان میں تعینات جنوبی کوریا کے سفیر Kwak Sung-Kyu  نے اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے امور سمیت خیبر پختونخوا میں جنوبی کوریا کی جانب سے مختلف شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری  پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر خزانہ نے کورین سفیر کو صوبائی حکومت کی جانب سے خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے فروغ  کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معدنیات،سیاحت،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی کے شعبوں کی ترقی سمیت صنعتوں کے قیام کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے آسان کاروبار پالیسی کے تحت کاروبار کے آغاز کو آسان بنایا گیا ہے اور سرمایہ کاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ حکومت  رشکئی سپیشل اکنامک زون سمیت دیگر جدید صنعتی بستیوں کے قیام کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے جس سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو روزگار کے بھرپور مواقع بھی میسر آسکیں گے۔کورین سفیرKwak Sung-Kyu نے صوبائی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے توانائی اور ہاؤسنگ سیکٹر میں خطیر سرمایہ کاری پر بھی آمادگی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے ماضی کے مقابلے میں معاشی ترقی کے لئے مناسب اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی کوریا کی حکومت خیبر پختونخوا کے عوام کی فلاح وبہبود اورمعاشی استحکام کے لئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کورین سفیر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے عوام کے لئے خیرسگالی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کورین سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے بھرپور سہولیات کی فراہمی کا یقین دلایا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزراء تیمور سلیم جھگڑا اور سلطان محمد خان نے گزشتہ دنوں دورہ جنوبی کوریا کے دوران مختلف کورین سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقاتیں کی تھیں،جہاں توانائی اور ہاؤسنگ کے شعبوں سمیت انفراسٹرکچر کی تعمیر کے منصوبوں میں کوریا نے خیبر پختونخوا میں ایک ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیا تھا اور کورین سفیر کی وزیر خزانہ سے حالیہ ملاقات اس سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔

تیمور جھگڑا

مزید : صفحہ اول


loading...