بنگلہ دیش کی دورہ پاکستان کے حوالے سے ہچکچاہٹ، وقار یونس بھی بول پڑے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے دورہ پاکستان کے حوالے سے بنگلہ دیش کی ہچکچاہٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) مثبت فیصلہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وقار یونس نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی آمد اور ٹیسٹ سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد کوئی خدشات باقی نہیں رہنا چاہئیں، بہترین ماحول میں میچز ہوئے اور کرکٹ سے محبت کرنے والے شائقین کھیل سے لطف اندوز ہوئے، آئی لینڈرز نے بھی مہمان نوازی کا لطف اٹھایا جبکہ سیکیورٹی کے انتظامات بہترین رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ ملک ثابت کرنے کیلئے اور کیا کر کے دکھانے کی ضرورت ہے، اگر کوئی اب بھی ملک کو غیر محفوظ سمجھے تو بیوقوفانہ سوچ کا مظاہرہ کررہا ہے، بنگلہ دیش کی ہچکچاہٹ مایوس کن ہے تاہم امید ہے کہ ٹور کے حوالے سے بی سی بی کوئی مثبت فیصلہ کرے گا۔