بلاول بھٹو کی ’گوگلی‘کام کر گئی ،حکومت کی بڑی وکٹ گرنے کا خدشہ پیداہو گیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سے سخت مایوس ہیں،معاہدے پر پیش رفت اذیت ناک حد تک سست ہے۔نجی نیوز چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ حکومت نہیں گرائیں گے لیکن اپنے عوام کی نظروں میں خود بھی نہیں گریں گے، اذیت کب تک برداشت کرنی ہے فیصلہ کرنے کے لیے جائزہ لے رہے ہیں۔بلاول کے بیان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے سندھ حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کر کے عجیب مذاق کیا ہے۔خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم حکومتیں گرانے کے لیے نہیں بنی، بلاول کو ہمیں وزارتوں کی پیشکش کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ بلاول کی نیت کے بارے میں اب کوئی غلط فہمی نہیں کہ ان کا منصوبہ کیا ہے۔