حکومت 2020میں عوام کوریلیف دینے میں کامیاب ہوگی یا نہیں، ارشاد بھٹی نے بتادیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہاہے کہ گزشتہ دوہفتوں میں دالوں کی قیمتوں میں چالیس روپے تک اضافہ ہواہے، مجھے نہیں لگتا کہ حکومت 2020میں بھی عوام کوریلیف دینے میں کامیاب ہوجائے گی ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں گفتگو کرتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہاہے کہ دو دن پہلے مہنگائی کے حوالے سے کہاگیا تھا کہ جوکچھ معیشت کے ساتھ 40سال میں ہوچکاہے ، اس کانتیجہ ہے کہ اتنی جلدی معاملات ٹھیک نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ستر فیصد افراد زراعت سے منسلک ہیں ، وہ رل رہے ہیں اور اوپر دو فیصد مافیا بیٹھ کر ملائی کھارہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ سفید ہاتھی اداروں کاخسارہ دفاعی بجٹ سے زیادہ ہوگیاہے ۔
ارشاد بھٹی کا کہناتھاکہ مالی خسارے میں قرضوں اوران کا سود ملا لیں تو گنجی کے پاس نہانے اور نچوڑنے کے لئے کیا بچتا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ تمام حکومتی اقدامات کا بوجھ عوام پر پڑاہے اور گزشتہ دوہفتوں میں دالوں کی قیمتوں میں چالیس روپے تک اضافہ ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ حکومت 2020میں بھی عوام کوریلیف دینے میں کامیاب ہوجائے گی ۔