اب ہوائی جہاز بھی گاڑیوں کی طرح قافلوں میں اڑیں گے، یورپی ملک نے ناقابل یقین تجربے کا اعلان کردیا
ایمسٹرڈیم(مانیٹرنگ ڈیسک) گاڑیوں کو گاہے قافلے کی صورت میں سفر کرتے تو آپ نے دیکھا ہو گا لیکن یہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے کہ نیدرلینڈز کی ایروسپیس کمپنی ایئر بس مسافر ہوائی جہازوں کو قافلے کی صورت میں سفر کرانے کا تجربہ کرنے جا رہی ہے۔
میل آن لائن کے مطابق اس تجربے کا مقصد ہوائی جہازوں کی تیل کی کھپت اور ان سے ماحول کو نقصان پہنچانے والی گیسوں کے اخراج کی شرح کم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پرندوں کے غول میں اڑنے سے متاثر ہو کر ایئربس کے ماہرین کے ذہن میں یہ خیال آیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ غول میں اڑنے کے باعث پرندوں کو اڑان میں زیادہ زور نہیں لگانا پڑتا اور وہ اپنے سامنے والے پرندے کے پروں سے بننے والے ہوا کے خلاءمیں کم تردد کیے اڑتے ہیں۔ اسی طرح اگر کئی ہوائی جہاز ایک ساتھ انگریزی حرف Vکی شکل میں اڑیں تو ان کے انجنوں کو بھی زیادہ طاقت خرچ نہیں کرنی پڑے گی۔
ماہرین کے مطابق جہازوں کے اس طرح ایک ساتھ اڑنے سے ایک طرف تیل کی بچت ہو گی اور دوسرے طیاروں سے کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر خطرناک گیسوں کا اخراج کم ہو گا۔ ایئربس کے ماہرین آئندہ چھ ماہ کے اندر یہ تجربات کریں گے اور اگر یہ تجربات کامیاب ہو گئے تو ایوی ایشن انڈسٹری میں انقلاب برپا ہو جائے گا اور طیارے اکیلے نہیں بلکہ پرندوں کی طرح کئی کئی طیارے ایک ساتھ پرواز کیا کریں گے۔