ٹی 20 چیمپئنز لیگ، سیالکوٹ سٹالینز کو الیفائنگ راﺅنڈ کھیلنا ہوگا

ٹی 20 چیمپئنز لیگ، سیالکوٹ سٹالینز کو الیفائنگ راﺅنڈ کھیلنا ہوگا

نئی دہلی(نیٹ نیوز) ٹی 20 چیمپئنز لیگ 2012ءمیں پاکستان کی ڈومیسٹک ٹی 20 چیمپیئن سیالکوٹ سٹالینز سیمت چھ ٹیموں کو کوالیفائنگ مرحلہ سے گزرنا ہو گا، 8 ٹیمیں براہ راست مین راﺅنڈ میں حصہ لیں گی۔ سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک پیغام میں سی ایل ٹی 20 ٹیکنیکل کمیٹی کے رکن سندر رامن کا کہنا ہے کہ ٹی 20 چیمپئنز لیگ 9 سے 28 اکتوبر تک جنوبی افریقہ میں منعقد ہو گی۔ اس سے قبل کوالیفائنگ راﺅنڈ کھیلا جائے گا جس میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں دو ٹاپ ٹیمیں مین راﺅنڈ کےلئے کوالیفائی کریں گی۔ مین راﺅنڈ میں 8 ٹیمیں براہ راست حصہ لیں گی جن میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی چار ٹیمیں جن میں چیمپیئن کولکتہ نائٹ رائیڈرز، چنائی سپرکنگز، ممبئی انڈینز اور دہلی ڈیئر ڈیولز شامل ہیں جبکہ دیگر ٹیموں میں آسٹریلیا کی پرتھ سکارچرز اور سڈنی سکسرز جبکہ جنوبی افریقہ کی لائنز اور ٹائٹنز شامل ہیں۔ کوالیفائنگ راﺅنڈ میں پاکستان کی سیالکوٹ سٹالینز، نیوزی لینڈ کی آکلینڈ ایکس، ویسٹ انڈیز کی ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو جبکہ انگلینڈ سے دو اور سری لنکا سے ایک ٹیم حصہ لے گی۔ چیمپیئنز لیگ میں پہلی بار کوالیفائنگ راﺅنڈ کو متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سے قبل ہونے والے ایونٹس میں ٹیموں نے براہ راست شرکت کی۔ جنوبی افریقہ دوسری بار لیگ کی میزبانی کرے گا، ایونٹ کے میچز کیپ ٹاﺅن، جوہانسبرگ، سینچورین اور ڈربن میں کھیلے جائیں گے۔ کوالیفائنگ اور مین راﺅنڈ کے مقامات اور شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی