شریف برادران پاک فوج کے بارے میں اب اپنی بری رائے تبدیل کرلیں، ظہیر الدین

شریف برادران پاک فوج کے بارے میں اب اپنی بری رائے تبدیل کرلیں، ظہیر الدین

لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین خاں نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کے حل میں شریف برادران جب بھی ناکام ہوئے تو ان کی درخواست پر پاک فوج نے ہمیشہ بروقت عوام دوست قومی کردار ادا کیا ‘اب بھی آرمی ڈاکٹرز نے ہسپتالوں میں ذمہ داریاں انجام دے کر مریضوں کو علاج کی سہولت مہیا کی ‘اب شریف برادران پاک فوج کے بارے میں اپنی بری رائے تبدیل کر لیں۔ گزشتہ روز انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمہ صحت ساڑھے چار سال سے تماشہ بنا ہوا ہے۔ دور آمریت میں مسائل گالی ، گولی اور لاٹھی سے حل کئے جاتے ہیں جبکہ جمہوری دور حکومت میں مسائل کا حل پارلیمنٹ کے اندر مشاورت سے تلاش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات سے دل کی مریضوں کی اموات ہوں یا جعلی ڈینگی سپرے سے مریضوں کی مشکلات ہوں یا ڈاکٹرز کا احتجاج ہر جگہ ”ون مین شو “کا منفی رول نظر آیا ان سارے معاملات پراسمبلی میں تفصیلی بحث ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے میٹروں کی چیکنگ ہو یا گھوسٹ سکولوں کی تلاش ، ڈینگی کے مریضوں کا علاج ہو یا سرکاری ہسپتالوں میں آرمی ڈاکٹرز کی آمد فوج نے ہمیشہ ان کی درخواست پر بروقت مدد کی مگر جب بھی شریف برادران کو طاقت ملی انہوں نے فوج کو آنکھیں دکھائیں اور انہیں متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔ امید ہے اب وہ احسان فراموشی کے مرتکب نہیں ہونگے۔

مزید : صفحہ آخر