نواز شریف کی چینی قیادت سے ملاقات،پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کی یقین دہانی لے لی

نواز شریف کی چینی قیادت سے ملاقات،پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کی یقین ...
نواز شریف کی چینی قیادت سے ملاقات،پاکستان میں سرمایہ کاری اور تعاون کی یقین دہانی لے لی

  

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) نواز شریف نے چینی صدر سے ملاقات کی جس میں صدر شی جن پنگ نے نواز شریف کو تیسری مرتبہ وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے فرنس آئل پر چلنے والے بجلی گھروں کی کوئلے پر منتقلی کے لئے چینی کمپنیاں تعاون کریں۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے کی حالت بدل دے گا۔وزیراعظم نواز شریف کا چینی سرمایہ کاروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چین کے مالیاتی اداروں کے سربراہوں سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔ چین کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے شروع کرنا چاہتا ہے اور چینی کمپنیوں نے پاکستان میں میٹرو نظام لانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم نے اورینٹ کمپنی کے صدر سے ملاقات کی۔ اورینٹ کے سربراہ نے اس ملاقات میں بتایا کہ ان کا جھپیر میں ہوا سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ جاری ہے۔ اسے اٹھارہ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن چین تک بچھانے کو تیار ہیں۔ وزیراعظم نے اورینٹ کمپنی کو نرخوں کے مسئلے کو حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیراعظم نواز شریف نے چائنہ انویسٹمنٹ کارپوریشن کے سربراہ سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے فرنس آئل سے چلنے والے بجلی گھروں کو کوئلے پر منتقل کرنے کیلئے تعاون کی پیشکش کی۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ چائنہ پاور کمپنی تھرکول منصوبے کا آغاز کرے۔ وزیراعظم نے چائنہ ڈویلپمنٹ بینک کے صدر سے ملاقات میں کہا کہ توانائی سمیت دیگر شعبوں میں چین کا تعاون چاہتے ہیں۔ ایگزم بینک کے صدر سے ملاقات میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایگزم بینک پاکستان میں انرجی سمیت ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کرے۔ چینی مالیاتی اداروں کے سربراہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور جاری منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔ نواز شریف نے وفد کے ہمراہ چین کے سب سے پرانے اور زیر زمین میٹرو نظام کا دورہ بھی کیا۔

مزید : بین الاقوامی /Headlines