حکومت کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ‘ لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ملک میں کاروبار دوست ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ، کاروباری جگہوں پر چھاپوں اور بینک اکاؤنٹس تک رسائی سے ملک کی معاشی نشوونما کو دھچکا لگے گا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو اپنی پالیسیوں کا از سر نو جائزہ لینا ہوگا تاکہ یہ ٹیکس وصولی کے اہداف پورے کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے تاجروں کی اعتماد سازی کرے ۔
نہوں نے کہا کہ بیشتر معاشی مشکلات کی وجہ ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام ہے۔ ترقی یافتہ ممالک تمام معاشی پالیسیاں ٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نافذ کرتے ہیں جبکہ ہمارے ہاں صورتحال الٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس کلچر کے فروغ کے لیے حکومت کو ٹیکسوں کی تعداد میں کمی کرنا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام میں خامیوں کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے لہذا اس جانب خاص توجہ دی جائے۔