پیپلز پارٹی فرینڈلی کی بجائے حقیقی اپوزیشن بنے،سردار حُر بخاری
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار حُر بخاری نے کہا ہے کہ دیرینہ رہنماؤں کاپارٹی چھوڑنے کا انتہائی اقدام نام نہاد قیادت اور ان کے حواریوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ،پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کی بجائے حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے پسے ہوئے طبقات کے پلڑے میں اپنا وزن ڈال کر اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کر سکتی ہے ۔ وہ گزشتہ روز وحد ت روڈ پر پارٹی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔
سردار حُر بخاری نے کہا کہ زبردستی مسلط ہونے والے ٹولے نے جیالوں جو پارٹی کے حقیقی وارث ہیں انہیں لا وارث کر دیا ہے جس کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ شریک چیئرمین بلاول بھٹو سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پارٹی میں اپنی رٹ قائم کریں اور پیرا شوٹ کے ذریعے آنے والوں کے خلافکریک ڈاؤن کرتے ہوئے پارٹی کوان سے نجات دلائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو شہید نے اس ملک کے پسے ہوئے طبقے کو زبان دی اور اقتدار سے زیادہ اپوزیشن میں رہ کر اس طبقے کے حقوق کے لئے آواز بلند کی ۔