مون سون میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے،کمشنر
لاہور(جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ پیش بندی کے طور پر متوقع مون سون کے سبب سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام اضلاع نے اپنے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع کے محکمہ آب پاشی کے افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیے گئے انتظامات کا دوبارہ ضرور جائزہ لیتے رہیں۔ انہوں نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں بھی اپنے انتظامات کو چیک کریں۔ کمشنر لاہور عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ دریاؤں کے پشتوں کی مضبوطی اور ڈرینوں کی صفائی کے عمل کو تیز تر کرکے جلد مکمل کیا جائے۔ کمشنر لاہور کو آگاہ کیا گیا کہ تمام اضلاع نے سیلابی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی مکمل کرکے کشتیوں سمیت ہنگامی سامان کا مکمل انتظام کر لیا ہے عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں اور خیموں کا بھی انتظام کر لیا ہے۔ عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں سیلاب انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں تمام ڈی سی اوز ، پولیس افسران اور محکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔دریں اثناء کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ نین سکھ و ملحقہ علاقہ کے سیوریج پانی کی نکاسی کے لیے علاقہ کی ضرورت کے مطابق واٹر پمپ لگا کر کھڑے پانی کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ کے سیوریج کے مسئلہ کے حل کے لیے انتظامیہ قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ جس سے گلیوں میں کھڑے گندے پانی سے لوگوں کو مستقل طور پر نجات مل جائے گی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ سیوریج کا باقاعدہ نکاس نہ ہونے سے لوگوں کی زندگی اجیرن ہو جاتی ہے اور ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ اس مسئلہ کو جلد از جلد حل کیا جائے ۔کمشنر لاہور ڈویژن کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری شہباز احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں ڈی سی او لاہور، ایم ڈی واسا و دیگر افسران شامل تھے۔