اعشاریہ 6فیصد ٹیکس تاجر برادری اور بینکنگ سیکٹر کو تباہ کر دیگا :راجہ عدیل

اعشاریہ 6فیصد ٹیکس تاجر برادری اور بینکنگ سیکٹر کو تباہ کر دیگا :راجہ عدیل
اعشاریہ 6فیصد ٹیکس تاجر برادری اور بینکنگ سیکٹر کو تباہ کر دیگا :راجہ عدیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کامرس رپورٹر)انجمن تاجران لوہا مارکیٹ کے سینئر نائب صدراور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی رکن راجہ عدیل نے بینکوں کی تمام سروسز پر اعشاریہ چھ فیصد ٹیکس عائد کرنے پرایف بی آر کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے، گزشتہ روز ’’پاکستان‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکس تاجر برادری اور بینکنگ سیکٹر دونوں کو تباہ کر دے گا، ایف بی آر نے جان بوجھ کر انتہائی پیچیدہ سسٹم بنایا ہے جو عام تاجروں کی سمجھ سے بالا تر ہے اس نظام کے ذریعے تاجربرادری کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کے پاس فائلر اور نان فائلر کا ریکارڈ موجود نہیں اور تمام بینکوں نے نئے مالی سال کے پہلے کاروباری دن 2 جولائی کو تمام بینک صارفین سے 0.6 فیصد کی کٹوتی کی ہے جو سر اسر زیادتی ہے، علاوہ ازیں جن افراد نے ایف بی آر میں نئی رجسٹریشن کروائی ہے ان سے بھی ریٹرن داخل ہونے تک یہ غیر منصفانہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیکس انتہائی مہلک ہے جس کے تاجروں کے ساتھ ساتھ پورے بینکنگ سیکٹر پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب ہونگے،راجہ عدیل کا مزید کہنا تھا کہ کاروباری اداروں کو ملازمین کی تنخواہوں کی مداور دیگر کاروباری ضروریات کیلئے بنکوں سے کیش کا لین دین کرنا پڑتا ہے ،بنیکوں سے لین دین، چیک جمع کروانے ، ڈرافٹ پے آرڈر بنوانے، ٹی ٹی ،رقوم کی منتقلی اور بنکوں سے رقوم نکلوانے سمیت صارفین کیلئے بینکنگ سیکٹرکی تمام سہولیات پر ٹیکس عائدہونے سے تاجر برادری اور صنعتکاروں پرمالی بوجھ بڑھ گیا ہے بنکوں میں اپنی ہی رقم پر حکومت ٹیکس کاٹ لیتی ہے جو زیادتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت یہ ٹیکس ان افراد پر لگائے جو ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ تاجر برادری پہلے ہی ایمانداری سے حکومت کے تمام ٹیکس ادا کررہی ہے ۔ راجہ عدیل نے کہا کہ حکومت بلواسطہ ٹیکس پر انحصار کم کرکے ٹیکس نیٹ کو بڑھائے اور بنکوں سے اپنی رقم نکلوانے پر ٹیکس کا خاتمہ کرے تاکہ تاجر برادری یکسوئی سے اپناکاربار جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے بنکوں سے لین دین پر ٹیکس کا خاتمہ نہ کیا تو تاجر برادری احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔