ٹرین حادثہ میں بچوں سمیت فوجی افسروں کی شہادت پرہرآنکھ نم ہے،عمر ڈار
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمرڈار نے کہا کہ ٹرین حادثہ میں بچوں سمیت فوجی آفیسرزکی شہادت پرہرآنکھ نم ہے۔شہیدعوام کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے،ہرکوئی ان شہیدوں کے بلندی درجات کیلئے دست دعابلندکئے ہوئے ہے۔اس غم کی گھڑی میں پسماندگان کوتنہا نہیں چھوڑیں گے۔غمزدہ افرادکی اشک شوئی ہمارااخلاقی فرض ہے۔جس ٹرین میں فوجی آفیسرزاورجوانوں کی بڑی تعدادسوارتھی اس کی حفاظت کیلئے خصوصی اقدامات کیوں نہیں کئے گئے۔وزیرریلوے کسی دوسرے ہاتھ کے ملوث ہونے کاامکان ظاہرکرکے اپنی نااہلی نہیں چھپاسکتے ۔ اس سانحہ کے بعدوزیرریلوے کوفوری مستعفی ہوکرتحقیقات کاسامنا کرناچاہئے، ایک اعلیٰ سطحی اوربااختیارجوڈیشل کمشن بنایاجائے۔اپنے ایک بیان میں عمرڈارنے مزید کہا کہ عوام اٹھ کھڑے ہوں ورنہ دوخاندانوں کی باریاں اوریاریاں پاکستان کوبربادکردیں گی۔جس وقت تک یہ دوخاندان اقتدارمیں ہیں کسی بدعنوان کااحتساب اورملک میں شفاف انتخاب نہیں ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے میں آنیوالی نام نہاد بہتری کابھانڈا پھوٹ گیا ۔نام نہادتجربہ کار حکمرانوں سمیت ان کے نااہل وزیرقومی اداروں اوروسائل پربوجھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف کے رسمی اظہارافسوس سے کچھ نہیں ہوگا،وزیرریلوے سمیت نااہل ریلوے حکام کوسخت سزادی جائے۔
ورنہ خدانخواستہ آئندہ بھی اس قسم کے حادثات رونماہوتے رہیں گے۔بدقسمتی سے نااہل عناصر نوازحکومت کے ماتھے کاجھومربنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جہاں ملک وقوم کے محافظ محفوظ نہیں وہاں عام آدمی کی حفاظت کون کرے گا ۔ریلوے کے گلے سڑے نظام کواپ گریڈکیا جائے ،حکمرانوں کامائنڈسیٹ تبدیل کرنے کیلئے پاکستان میں ووٹ سے پرامن آئینی تبدیلی ناگزیر ہے۔